آپکی جلد غیر متوازن تو نہیں؟شادی سے پہلے اپنی جلد کے بارے میں جانیے

0

جلد کے حوالے سے تو بہت سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا رہتا ہے، لیکن ان کو اپنی جلد کے بارے میں اکثر یہ معلوم نہیں ہوتا کہ آیا ان کی جلد کس قسم ہے اور اس جلد کے لیے انھیں کس کس مشکل کا سامنا ہوسکتا ہے۔ جلد پر ظاہر ہونے والی بیماریوں کا علاج اپنی جگہ لیکن اس بات سے آگاہی بھی بہت ضروری ہے کہ آپ جس جلد کی مالک ہیں اس کے لیے کون سا موسم اور کون سی میک اپ مصنوعات موزوں ہیں۔

جلد پر جھائیاں، جھریاں، داغ دھبے، گڑھے پڑنا، بہت ذیادہ چکنا ہونا یا ذیادہ خشک ہونا جلد کا غیر متوازن (ubbalanced skin) ہونا سمجھا جاتا ہے۔

 اگر آپ کی شادی کے دن قریب ہیں یا پھر آپ کے گھر یا رشتے داروں میں کوئی شادی ہے اور آپ کے چہرے پر دانے، داغ، دھبے یا کیل مہاسے نکل آئیں ہیں تو ان کے علاج سے پہلے اپنی جلد کی کے بارے میں جاننے کی کوشش کریں۔

چکنی جلد : (oily skin)

اگر آپ کی جلد چکنی ہے اور آپ کو میک اپ کے حوالے سے پریشانی کا سامنا ہے تو فکر کی کوئی بات نہیں۔ کچھ لوگوں کی جلد پر خاص قسم کے سفید دھبے ہوتے ہیں جو اکثر چکنی جلد پر نظر آتے ہیں۔ چکنی جلد زیادہ حساس ہوتی ہے اس لیے اس پر داغ دھبے بھی زیادہ نکلتے ہیں لہٰذا چکنی جلد والی خواتین کو چاہیے کہ مرچ مسالے اور چٹ پٹی چیزوں سے پرہیز کریں اور سبزیوں کا استعمال زیادہ کریں باقاعدگی سے ورزش کریں۔ چکنی جلد کے لیے ملتانی مٹی کو گلاب کے پانی کے ساتھ پیک بنا کر استعمال کریں۔

چکنی جلد پر ایکنی : (acne on oily skin)

اگر آپ چکنی جلد کی وجہ سے ایکنی کا شکار ہیں تو سب سے پہلے اس کا علاج ہے فاسٹ فوڈ سے پرہیز، فاسٹ فوڈ چہرے پر ایکنی کی سب سے پہلے وجہ تصور کی جاتی ہے۔نیم گرم پانی پینے سے ایکنی آپ کا بہت جلد ساتھ چھوڑ سکتی ہے۔
اگر آپ ایکنی کا شکار ہیں اور شادی کے دن بھی قریب ہیں تو پھر علاج کے طور پربیسن میں کھیرے کا رس ملا کر اس کا پیسٹ چہرے پر لگایا جائے تو ایکنی اور پمپلز دور بھاگ جاتے ہیں اور جلد مزید شاداب ہوجاتی ہے۔
اگر خشخاش کو باریک پیس کر دودھ میں ملایا جائے اور اس کا پیسٹ بنا کر جلد پر دانوں، دھبوں اور ایکنی پر لگایا جائے تو جلد صاف اور شفاف ہوجاتی ہے۔

خشک جلد : (dry skin)

خشک جلد اور خاص طور پر خشک موسم میں یہ جلد ایک آزمائش بن جاتی ہے، اور اگر ایسے میں میک اپ کیا جائے تو مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ خشک جلد کے ملتانی مٹی کو پانی کے ساتھ پیک بنا کر اسے بادام کے پیسٹ کے ساتھ لگائیں ۔جلد پر گرمی سے نکلنے والے دانے کچھ ہی دیر میں صاف ہوجائیں گے۔
دہی کا ماسک جلد میں نمی پیدا کرتا ہے ساتھ ہی رنگت بھی نکھارتا ہے کیل مہاسے اور چکنی جلد کے لیے یہ ماسک بہت نقصان دہ ہے، خشک جلد والے اس ماسک کو استعمال کریں۔

کھردری جلد : (rough skin)

اگر آپ کی جلد کھردری ہے اور آپ کو میک اپ کے بعد محفل میں سب کی توجہ حاصل بھی کرنی ہے تواس کے لیے پہلے آپ کو دینی ہوگی اپنی کھردری جلد پر خود توجہ، اس کے بعد آپ کا حسین لگنے کا خواب پورا ہونا ممکن ہوگا۔
کھردری جلد کی مالک خواتین محفل میں عموماً توجہ سے محروم ہوجاتی ہیں، ایسی خواتین کو چاہیے کہ سب سے پہلے بہت زیادہ پانی پینے کی عادت کو اپنا معمول بنا لیں۔تاکہ جلد کو اندر سے نمی حاصل ہو اور اس کا اثر باہر سے ظاہر ہو۔
اس کے علاوہ اپنی خوراک میں مچھلی کا استعمال فوری شروع کردیں تاکہ جلد نرم اور ملائم ہوجائے۔
کھردری سے جلد سے نجات حاصل کرنے کے لیے دودھ میں بادام پیس کر گرینڈ کر کے چہرے پر ملیں۔ ملک واش سے بھی چہرے کی رنگت میں نکھار آتا ہے اور کھردری جلد بھی نرم ہو جاتی ہے۔