داغ دھبوں کا قدرتی علاج

0

صاف چہرہ ہر کسی کی توجہ کا مرکز بن جاتاہے، دیکھنے والے نہ صرف اس سے خوش ہوتے ہیں بلکہ اس پر رشک بھی کرنے لگتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ خواتین اپنی جلد اور چہرے کی خوبصورتی بڑھانے کے لیے ہر طرح کے جتن کرتی ہیں، اور پھر جب ان کی محنت رنگ لاتی ہے تو وہ ہر محفل کی زینت بن جاتی ہیں۔

چہرے کتنا ہی حسین کیوں نہ ہو اگر اس پر داغ دھبے بسیرا کرلیں تو اس پر نگاہیں تو کم اٹھتی ہیں سوالات زیادہ اٹھنا شروع ہوجاتے ہیں۔ چہرے پر بد نما داغ ، دھبے اور چھائیاں انسان کو اندر سے ختم کردیتی ہیں،خاص طور پر ایسی خواتین جو اپنے حسن کے معاملے میں حساس ہوتی ہیں ان کے لیے تو یہ داغ دھبے ایک اذیت بن جاتے ہیں۔

بازاروں میں دستیاب ہزاروں قسم کے لوشن، کریم اور ادویات چہرے کے داغ دھبوں کے خاتمے کے لیے بڑے بڑے اشتہاروں کی صورت میں دکھائی دیتی ہیں۔مہنگی سے مہنگی میک اپ پروڈکٹ بھی مارکیٹس میں دستیاب ہوتی ہیں، جن سے داغ دھبے دور تو ہوجاتے ہیں لیکن ان کی خرید عام انسان کی دسترس سے باہر ہوتی ہے۔

قدرتی اجزا میں داغ دھبوں کا بہترین علاج موجود ہے جس کے کوئی منفی اثرات بھی جلد پر مرتب نہیں ہوتے، اگر آپ کے چہرے کی جلد داغ دھبوں کا شکار ہے تو قدرتی اجزا سے اس کا علاج کیجیے اور ہر محفل کی رونق بن جائیے۔

قدرتی اجزا سے داغ دھبوں کا علاج : (naturally cure acne scars)

٭ داغ دھبوں سے نجات کے لیے ٹماٹر کے جوس میں لیموں کا عرق شامل کرکے جلد پر لگائیں تو داغ دھبوں کا خاتمہ یقینی ہے۔

٭ رات کو سونے سے پہلے شہد اور لیموں سے بنے ماسک کو 15 منٹ تک چہرے پر لگائیں پھر تازہ پانی سے چہرے دھو کر سوجائیں جلد سے دھبے بھی صاف ہوجائیں گے اور جلد میں نکھار بھی پیدا ہوگا۔

٭ ایلوویرا جیل کو دن میں 2 مرتبہ استعمال کرنے سے چہرے کے بد نما داغ غائب ہوجاتے ہیں۔ ایلوویرا کی یہ خاصیت ہے کہ یہ جلد کو ضروری نمی فراہم کرتا ہے۔چہرے کے داغ اور چھالے اس کے استعمال سے بہت جلد ختم ہوجاتے ہیں۔

٭ جلد کے داغ دھبوں کا زیتون کے تیل سے بہتر کوئی علاج نہیں۔ ایک ٹیبل اسپون زیتون کے تیل میں اتنی ہی مقدار میں چینی شامل کرلیں، ان کو اچھی طرح مکس کریں اور پھر اس لیپ کو چہرے اور گردن پر آرام آرام سے لگائیں ، ایک ہفتے استعمال کے بعد نتیجہ سب کے سامنے ہوگا۔

٭ دانوں اور دھبوں سے بچاؤ کے لیے ہفتے میں دو مرتبہ کھیرے کا رس 10 سے 12 منٹ کے لیے اپنے چہرے پر لگائیں اور پھر دھو لیں۔ کچھ دنوں کے اس علاج سے دانے ایسےصاف ہوجائیں گے جیسے کہ تھے ہی نہیں۔

٭ چہرے کے داغوں کا بہترین قدرتی علاج بیسن ہے۔ بیسن میں نیم گرم دودھ ملا کر پیسٹ بنالیں اور پھر روزانہ اسے فیس واش کے طور پر استعمال کریں۔دانے دیوانے ہو کر چہرے سے دور نکل جائیں گے ۔

٭ ویسے تو برف کو جمتے یا پگھلتے ہوئے ہی دیکھا ہے لیکن جلد کے معاملے میں برف جلد کی کتنی اچھی دوست ہے اس کا اندازہ اب ہوا۔برف چہرے کے داغ دھبوں کو دور کرنے کے لیے حیرت انگیز کمال رکھتی ہے۔ برف کا ٹکڑا داغ یا دانے کے اوپر رکھ کر کچھ دیر کے لیے چھوڑ دیں۔ اس سے دانوں کی سرخی کم ہوجاتی ہے اور چہرہ کھل اٹھتا ہے۔

٭ تازہ پودینے کا رس کچھ دیر تک جلد پر نموادار ہونے والے دانوں ، داغوں اور دھبوں پر لگا چھوڑ دیں، پھر نیم گرم پانی سے اسے صاف کردیں ، چہرے کے داغ دھبوں میں نمایاں فرق محسوس ہوگا۔

٭ ہر روز صبح نہانے سے قبل چہرے پر ٹماٹر کا جوس لگائیں ، چہرہ گلاب کی طرح کھل اٹھے گا۔

٭ میک اپ کی 50 فیصد پروڈکٹ میں انڈے کا استعمال کیا جاتا ہے، انڈا جلد کی خوبصورتی کو قائم رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔انڈے کی سفیدی کو انگلیوں کی مدد سے چہرے پر لگائیں پھر 10 منٹ بعد چہرہ صاف کرلیں، یہ جلد کی چکنائی کو کنٹرو ل کرتی ہے اور داغ دھبوں کے نشان صاف کردیتی ہے۔