جھائیوں سے نجات حاصل کریں

0

حسین اور خوبصورت چہر ہ سب کو اپنا دیوانہ بنا دیتا ہے، یہی وجہ ہے کہ خواتین سب سے زیادہ توجہ اپنے چہرے پر مرکوز رکھتی ہیں، چہرے پر ظاہر ہونے والے چاہے وہ دانے ہوں، کیل مہاسے ہوں، مسُے ہوں، داغ دھبے ہوں یا پھر جھائیاں، چہرے کو صاف رکھنا ان کے لیے سب سے اہم ہوتا ہے۔

جھائیاں جلد کی وہ بیماری ہے جو اگر چہرے پر نمودار ہوجائے تو اچھا اور خوبصورت چہرہ بھی بدنما اور بے تاثر دکھائی دیتا ہے۔ چہرے پر جھائیاں کیوں ہوتی ہیں، ان کی آخر کیا وجوہات ہیں، ان سے کیسے بچا جائے اور جلد کی حفاظت کے ساتھ ساتھ جھائیوں سے نجات کیسے حاصل کی جائے اس سلسلے میں درج ذیل باتوں پر عمل کیا جائے تو بہت ممکن ہے کہ جلد کے ماہر ڈاکٹر کے پاس جانے سے بچتے ہوئے آ پ جھائیوں سے نجات حاصل کرلیں۔

چہرے پر جھائیوں کی وجوہات : (freckles causes)

٭ جسم میں وٹامن بی کی کمی جھائیوں کا سبب بنتی ہے۔

٭ پانی کی کمی سے بھی جلد پر جھائیاں نمایاں ہوتی ہیں ۔

٭ جلد کی مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث میل کی تہہ جلد پر جم جانے کی صورت میں بھی جھائیاں نمودار ہوتی ہیں۔

٭ میل اور گرد و غبار جم جانے کی صورت میں جلد مردہ ہوجاتی ہےاور جھائیوں کی صورت میں اس پر نشان ظاہر ہونے لگتے ہیں۔

٭ گرم کھانے یا گرم چیزوں کے استعمال سے معدے میں گرمی بڑھ جانے سے بھی چہرے پر جھائیاں نمایاں ہوتی ہیں۔

٭ ایسی خواتین جو کسی نئے وجود کو جنم دیتی ہیں ان میں دوائوں کے استعمال، ہارمونز کی تبدیلی اور خون کی کمی کے باعث چہرے پر جھائیاں دکھائی دیتی ہیں۔

جھائیوں میں احتیاط : (freckles precautions)

٭ جلد کی صفائی کا خاص خیال رکھا جائے۔

٭ جلد کو گرد و غبار، دھول اور دھویں سے جتنا ممکن ہو بچا جائے اور چہرے کو اچھی طرح صاف کیا جائے۔

٭ کسی دوسرے کا میک اپ کا سامان استعمال کرنے سے گریز کریں اس سے جراثیم اور بیماریاں جو جلد پر ہوتی ہیں اور نظر نہیں آتیں دوسرے کے چہرے پر منتقل ہونے کا سبب بن جاتی ہیں جو اکثر جھائیوں کی شکل میں ظاہر ہوتی ہیں۔

٭ تاثیر میں گرم اشیا کم سے کم کھائیں، باہر کی روٹی کھانے سے گریز کریں اور گھر کی چپاتی کو اہمیت دیں۔

٭ حسد اور جلنے کڑھنے کی عادت سے خود کو بچائیں اس کیفیت کا اثر چہرے پر جھائیوں کی صورت میں ظاہر ہوتا ہے۔

٭ چہرے کی جھائیوں کے لیے بہتر یہی ہے کہ ایک مرتبہ پہلے کسی جلد کے ماہر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

جھائیوں کا گھریلو علاج : (home remedies for freckles)

٭ تازہ پھل، دودھ، دہی اور کچی سبزیاں جھائیوں کا بہترین علاج ہیں۔

٭ ایک گلاس نیم گرم پانی میں ایک لیموں کا رس ملا کر پینے سے جھائیاں سو میل دور بھاگ جاتی ہیں۔

٭ سونف اور شہد کو ملا کر خالی پیٹ پینے سے دو ماہ کے اندر اندر جھائیاں صاف ہوجاتی ہیں۔

٭ اُبلے ہوئے چقندر کھانے سے چہرے کی جھائیاں ایسے دور ہوجاتی ہیں جیسے ظاہر ہی نہیں ہوئی تھیں۔

٭ عرق گلاب اور کافور کو ملا کر پیسٹ کی صورت میں چہرے پر لگانے سے جھائیوں کا مکمل خاتمہ ہوجاتا ہے۔

٭ ٹماٹر کو کاٹ کر چہرے پر لگانے سے جھائیاں ختم ہوجاتی ہیں۔

٭ کچی گاجر کو صاف کر کے کھانے سے خون صاف ہوتا ہے اور چہرے کی جھائیاں صاف ہوجاتی ہیں۔

جھائیوں کے خاتمے کے لیے ماسک : (mask for freckles)

مولی کا ماسک

مولی کے بیج کو دہی میں ملا کر لیپ تیار کرلیں پھر اس کو کچھ دیر تک چہرے پر لگائیں اور نیم گرم پانی سے چہرہ صاف کرلیں۔

مسور کی دال کا ماسک

مسور کی دال اور انڈے کے سوکھے ہوئے چھلکے باریک پیس کر اس میں چند قطرے پانی کے ملا لیں، پیسٹ بن جانے کے بعد چہرے پر ہلکے ہاتھوں سے لگائیں اور خاص طور پر جہاں جھائیاں زیادہ نمایاں ہو وہاں اس کی ایک اضافی تہہ لگائیں ، پھر چہرے دھو لیں،جھائیاں جڑ سے ختم ہوجائیں گی۔

خوبانی کا ماسک

خوبانی جتنی زیادہ خوش ذائقہ ہوتی ہے اتنا ہی اس میں جراثیم کو مارنے کی صلاحیت رکھی گئی ہے۔ ایسی خواتین جو چہرے پر نکلنے والی جھائیوں سے پریشان ہیں ان کو چاہیے کہ خوبانی اور لیموں کے عرق کو برابر نکال کر اس میں تھوڑی سی ہلدی شامل کرلیں، تیار گیا گیا پیسٹ چہرے پر لگائیں اور کوشش کریں کہ کسی ٹھنڈی جگہ پر رہیں، اس کے بعد اس کو آہستہ آہستہ ہاتھوں سے دھو لیں ٹشو پیپر سے چہرے کو خشک کرلیں پھر دیکھیں خوبانی کے ماسک کا کمال۔

چنے کی دال کا ماسک

جھائیوں سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے چنے کی دال کا ماسک خا ص اہمیت کا حامل ہے۔چنے کی دال کو صاف کر کے اچھی طرح دھو لیں، پھر اس میں دودھ ملا کر 24گھنٹے کے لیے صاف برتن میں ڈھک کر رکھ دیں۔دودھ دال میں جذب ہوجائے گا اور دال نرم پڑ جائے گی اس کو اچھی باریک پیس لیں اور اس کا بنا ہوا پیسٹ چہرے خاص طور پر جھائیوں پر لگا کر اس کا جادوئی کمال دیکھیے۔

کھیرے کا ماسک

کھیرے میں دہی، صندل پائوڈر اور عرق گلاب ملا کر گاڑھا پیسٹ بنالیں، 15سے 20منٹ تک اس پیسٹ کو چہرے لگا کر چھوڑ دیں، اس دوران کوشش کریں کہ کسی سے بات نہ کریں ، پھر اس کو اچھی طرح صاف کردیں ۔چہرے پر نمایاں ہونے والی جھائیاں بھی صاف ہوجائیں گی اور چہرے بھی کھلا کھلا شاداب نظر آئے گا۔