جلد کی حفاظت کے لیے خاص چیزیں ہمیشہ بیگ میں رکھیں

0

جلد کی حفاظت ہر موسم، ہر صورت اور ہر حال میں بہت ضروری ہے، کیوں کہ جلد اور خاص طور پر چہرے کی جلد سب کو دکھائی دیتی ہے اور جو چیز نظر آتی ہے اس کی حفاظت بھی بہت ضروری ہوتی ہے۔ جلد پر داغ دھبے اور جھائیاں یا کوئی اور بیماری ہو تو دیکھنے والے کو بھی اچھا محسوس نہیں ہوتا اور متاثرہ شخص کے لیے تو یہ بات ویسے ہی پریشان کن ہوتی ہے۔

موسم تو اپنی تبدیلی سے نہیں رکتے، تیز گرمی بھی ہوتی ہے اور سخت سردی بھی، ہوا میں نمی بھی ہوتی ہے اور خشکی بھی، ان سب سے اپنی جلد کو خود بچانا ہوتا ہے، چاہے وہ ادویات کے استعمال سے بچایا جائے، میک اپ پروڈکٹ سے بچایا جائے یا پھر گھریلو ٹوٹکوں اور نسخوں کی مدد سے بچایا جائے۔

جلد کی حفاظت (skin care) بہت سے طریقوں سے کی جاسکتی ہے، یہ جلد کی اقسام پر منحصر ہے کہ کس کی جلد حساس ہے، کس کی خشک ہے یا پھر کس کی جلد چکنی ہےیا پھر کس کی جلد پر موسم یا خوراک کا کیا اثر ہوتا ہے۔

جو لوگ خشک جلد کا شکار ہیں ان کے لیے سر د موسم بہت سخت ہوتا ہے، اسی طرح جن خواتین کی جلد چکنی ہے ان کے لیے گرمیوں کے دن اور پسینہ بھی کسی آزمائش سے کم نہیں ہوتا ، جو خواتین حساس جلد کی مالک ہوتی ہیں ان کے لیے میک اپ پروڈکٹ یا پھر کسی اور چیز کا استعمال نقصان کا سبب بن جاتا ہے۔

وہ خواتین جو اپنی جلد کی حفاظت کرنا چاہتی ہیں اور خاص طور پر ایسی خواتین جو ملازمت پیشہ ہیں ان کو چاہیے کہ وہ اپنے ساتھ ایسی چیزیں (skin care essentials) ضرور رکھیں جو اُن کی جلد کی حفاظت کے لیے ضروری ہوں، تاکہ وہ موسم اور گردوغبار سے اپنی جلد کو بچا سکیں اور سب کو خوبصورت نظر آسکیں۔

سن بلاک : دھوپ سے بچائو کے لیے

سورج کی تیز دھوپ میں ہر قسم کی جلد کو نقصان پہنچتا ہے، خاص طور پر خواتین کو میلازما جیسی بیماری کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے جس سے چہرے پر گہرے اور ہلکے بھورے دھبے پھیل جاتے ہیں، اس سے بچنے کے لیے بازاروں میں دستیاب اچھے اور معیاری سن بلاک کا استعمال کریں، اس کو اپنے بیگ میں رکھیں ۔اگر آپ کا زیادہ وقت دھوپ میں گزرتا ہے تو اس کے لیے ہر دو گھنٹے کے بعد سن بلاک لگائیں اور جلد کی حفاظت کریں۔

لوشن اور کریم : سرد اور خشک موسم کے لیے

سرد اور خشک موسم جلد کو مزید خشک بنا دیتا ہے، جلد پھٹنے لگتی ہے اور اکثر اس پر لکیریں بھی نمایاں ہونے لگتی ہیں جو شخصیت کو متاثر بھی کرتی ہیں۔
ایسی صورت میں کسی اچھی کمپنی کا لوشن اور کریم اپنے پاس ضرور رکھیں، ایسا لوشن جو آپ کی جلد کے لیے موزوں ہو یا پھر اپنے فزیشن کے مشورے کے مطابق لوشن کا انتخاب کریں تاکہ آپ کی جلد کا محافظ آپ کے ساتھ رہے۔

پینے کا پانی

گرمیوں میں جلد کی مرجھا جاتی ہے جس کی ایک وجہ پانی کا کم پینا بھی ہوتا ہے، اگر آپ اپنی جلد کو تروتاہ رکھنا چاہتی ہیں تو بہت ضروری ہے پانی زیادہ سے زیادہ پئیں، اگر گھر سے باہر جا رہی ہیں تو صاف پانی کی بوتل اپنے ساتھ رکھیں، یہ آپ کی جلد کو نمی فراہم کرتاہے جس سے جلد تروتازہ اور کھلی ہوئی دکھائی دیتی ہے۔

ٹونر کا استعمال

ٹونر جلد کو نمی فراہم کرتا ہے اور جلد کی نگہداشت میں اس کا کوئی ثانی نہیں ہے۔دن بھر گھر کے گرد و غبار کو چہرے سے صاف کرنے کے لیے اچھے اور معیاری ٹونر کا انتخاب کریں ، اسے اپنے پاس رکھیں تاکہ آپ کی جلد کی بہتر حفاظت ممکن ہوسکے۔