بڑھتی ہوئی عمر کو چھپانے والا خاص پھل، کینو

0

جلد خواتین کی عمر کا راز کھولنے میں ایک لمحہ بھی نہیں لگاتی، یہی وجہ ہے کہ خواتین خود کو حسین اور کم عمر دکھائی دینے کی خواہش میں اپنی ساری توجہ جلد کی دیکھ بھال پہ مرکوز رکھتی ہیں۔ ہر وہ علاج، وہ گھریلو ٹوٹکا یا وہ پرہیز جو ان کے دائرہ اختیار میں ہوتا ہے اس پر ضرور عمل کرتی ہیں اور پھر واقعی وہ اپنی اس خواہش کی تکمیل میں کامیابی بھی حاصل کرلیتی ہیں۔

جلد کو تروتازہ رکھنے کے لیے اچھی اور معیاری غذائوں کا استعمال سب سے پہلے ہے، پھل، سبزیاں اور خشک میوہ جات کا استعمال جلد کو اندرونی طور پر خوبصورت بناتا ہے ، جب انسان کا اندرونی نظام اچھا ہوتا ہے تو اس بات کی گواہی بھی جلد ہی سے مل جاتی ہے۔

ایسی خواتین جو اپنی عمر سے کم دکھائی دینے کی خواہش رکھتی ہیں ان کو چاہیے کہ جلد کے بیرونی استعمال کے لیے ادویات ، کریمزاور لوشنز کے استعمال کی بجائے اگر وہ پھلوں میں کینو سے دوستی کرلیں تو جلد کے حوالے سے تمام مسائل سے نجات حاصل کرلیں گی۔

بڑھتی عمر چھپانے کے لیے کینو کے کمالات

قدرت نے کینو میں وہ خوبیوں رکھی ہیں انسانی عقل جسے سوچ بھی نہیں سکتی۔ کینو کا رس، کینو کا چھلکا اور کینو کا گودا اتنے وٹامنز سے بھرپور ہے کہ جلدکو ایسا چمک دار بناتا ہے کہ ہر کوئی دیکھنے پر مجبور ہوجاتا ہے، اور کینو ہی خواتین کے لیے ان کی عمر کا ایک اچھا راز دار ثابت ہوتا ہے۔

کینو کے چھلکےجلد کے لیے مفید

٭ کینو کے چھلکوں کا پائوڈر اپنے اندر جادو رکھتا ہے۔ کینو کے چھلکوں کو دھوپ میں خشک کر کے اگر اس کاپائوڈر بنا لیا جائے تو سال بھر اس کی خاصیت پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

٭ کینو کے چھلکے کا پاوٴڈر اور ہلدی میں پانی مکس کرکے استعمال کرنے سے بڑھتی عمر کے اثرات کم ہوتے ہیں۔ جلد کی صفائی ہوتی ہے اور یہ داغ دھبوں کو بھی ختم کرتا ہے۔

٭ کینو کے چھلکے کا پاوٴڈر اور دودھ برابر مقدار میں مکس کرکے ہموار پیسٹ بنا لیں اور اِس فیس ماسک کو بیس منٹ کے لیے چہرے پر لگا ئیں۔ نیم گرم پانی کی مدد سے ہلکے ہاتھوں سے اْتار دیں۔ اس کے استعمال سے آپ اپنی جلد کو تروتازہ محسوس کریں گے۔

٭ کینو کے چھلکے چہرے پر کیل ختم کرنے میں بھی انتہائی مفید ہیں اگر چہرے پر کینو کی چھال سے بنا ماسک لگائیں اور پندرہ منٹ بعد اسکو نیم گرم پانی سے دھولیں تو اس سے کیل ختم ہوجاتے ہیں۔

کینو کا ماسک بڑھتی عمر کو چھپاتا ہے

٭ کینو کے رس میں ملک پاؤڈر ملا کر پیسٹ بنا لیں اور چہرے پر لگا کر مل کر بتیوں کی صورت میں اتار لیں ۔یہ دھوپ میں نکلنے والی خواتین کی جلد کو صاف کرتا ہے ۔

٭ کینو کے رس میں عرق گلاب، انڈے کی سفیدی، ملتانی مٹی، زیتون، ناریل، بادام کا تیل، دودھ، بالائی کے ساتھ مکس کرکے چہرے پر ہفتے میں دو بار دس منٹ کے لیے لگائیں اور نیم گرم پانی سے دھولیں۔ یہ ماسک آپ کی بڑھتی ہوئی عمر کو چھپا لے گا۔

٭ ملتانی مٹی کے ماسک میں اگر چند قطرے کینو کے رس کے شامل کرلیے جائیں تو جلد کی خوبصورتی کے حیرت انگیز نتائج سامنے آئیں گے۔ خاص طور پر وہ خواتین جو اپنا زیادہ وقت دھوپ میں گزارتی ہیں ان کے لیے یہ ماسک بہت مفید ہے۔

٭ کینو کے رس میں دہی اور شہد ملاکر چہرے پر دس منٹ تک مساج کریں چہرے کی خشکی دور ہوگی،داغ دھبے صاف ہوںگے، بند مسام کھل جائیںگے، چہرے کی جلدمیں تنائو پیدا ہوگا اور جلد چمک جائے گی۔

٭ دوران حمل گرم ادویات کے استعمال کے باعث جلد پر نمودار ہونے والے دانوں اور دھبوں کو ختم کرنے کے لیے اگر کینو کا رس صبح نہار منہ پیا جائے تو افاقہ ہوتا ہے ۔اس کے ساتھ ساتھ اگر کینو کے گودے کو بیج نکال کر ماسک کی صورت میں چہرے پر لگایا جائے تو جلد کی رنگت نکھر جاتی ہے۔