کیوی اور بادام کا ماسک جلد کو خوبصورت بنائے:

0

کیوی ایک مزیدار پھل ہے جو اپنے منفرد ذائقے کی وجہ سے آپ کی سلاد کو اور مزیدار بنا دیتا ہے۔ ہمارے یہاں یہ پھل کم کھایا جاتا ہے لیکن توانائی سے بھر پوریہ پھل نا صرف ہمارے جسم کو توانائی دیتا ہے بلکہ ہماری جلد کو بھی صحت مند اور چمکداربناتا ہے۔ آئیے دیکھتے ہیں کہ جلد کو خوبصورت (beautiful skin) بنانے کے لئے کیوی کس طرح مددگار ہے۔

کیوی جلد کے لئے کس طرح مفید ہے؟ :
(how is kiwi beneficial for skin)

کیوی وٹامن سی سے بھرپور ہے اس کے ساتھ ہی اس میں وٹامن ای ،فائٹو کیمیکلز ،کیروٹینوائڈ اور فینولکس شامل ہیں۔ کیوی سے اینٹی اوکسی ڈنٹ بھی حاصل ہوتے ہیں جوجلد کو پہنچنے والے نقصانات سے حفاظت کرکے اسے تروتازہ بناتے ہیں ۔

کولاجن کو بڑھاتا ہے : 

کولاجن جلد کی لچک قائم رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ یہ جلد کو خشکی سے بچا کر نرم وملائم رکھتا ہے۔ کیوی میں موجود وٹامن سی کولاجن کی مقدار میں اضافہ کرتا ہے۔

ایکنی اور جلد کی سوزش کو ختم کرتا ہے:

کیوی میں سوزش ختم کرنے کی صلاحیت ہے جس کی بناء پر یہ جلد کو سوزش ،خارش اور ایکنی سے محفوظ رکھتا ہے۔

جلد کے لئے بادام کی افادیت: (almond benefits for skin)

بادام میں وٹامن ای موجود ہے جو جلد سے بڑھتی عمر کے اثرات ختم کرنے کے ساتھ اسے توانائی بھی بخشتا ہے۔ وٹامن ای میں اینٹی اوکسی ڈنٹ موجود ہیں جو جلد میں بننے والے فالتو ریڈیکلز کو ختم کرنے مدد دیتے ہیں۔ یہ ریڈیکلز جلد پر بڑھتی عمر کے اثرات نمایاں کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔

کیوی اور بادام کا فیس پیک : (kiwi and almond face pack)

کیوی اور بادام کا فیس پیک آپ بہ آسانی گھر پر تیار کرسکتے ہیں۔ یہ فیس پیک جلد کی رنگت نکھارنے کے ساتھ اسے نرم ملائم اور لچکدار بنائے گا ۔

اس کے لئے آپ کو چاہئے:
۔ایک کیوی
۔تین ،چار بادام
۔ایک کھانے کا چمچ بیسن

ترکیب:

باداموں کو رات بھر کے لئے پانی میں بھگو کر رکھ دیں ۔
اگلے دن باداموں کو چھیل کر ان کا پیسٹ بنا لیں ۔
اس پیسٹ کو کیوی کے گودے اور بیسن کے ساتھ اچھی طرح مکس کرلیں ۔
اس مکسچر کو اپنے چہرے اور گردن پر لگا کر 15 سے20 کے لئے چھوڑ دیں ۔
پھر اسے نیم گرم پانی سے دھو لیں ۔
بادام اور کیوی کے اس فیس پیک سے جلد کو تازگی ملے گی۔رنگت کو نکھارنے کے ساتھ یہ جلد کو نمی بھی فراہم کرے گا ساتھ ہی بند مساموں کو کھولے گا ۔جس کی وجہ سے آپ چہرہ دھوتے ہی واضح فرق محسوس کریں گے ۔

کیوی کا استعمال کرنے سے پہلے چند مشورے:

بعض لوگوں کی جلد کافی حساس ہوتی ہے اس لئے کیوی ان کی جلد پر سوزش پیدا کرسکتا ہے۔ لہٰذا چہرے پر لگانے سے پہلے اپنی کہنی کے اندرونی حصے پر کیوی کا ٹکڑا مل کر دیکھیں کہ اس سے آپ کو کسی قسم کی سوزش تو نہیں ہورہی اور کیا آپ کی جلد اسے برداشت کرسکتی ہے۔
یہ فیس پیک جلد پر لگانے سے پہلے چہرے سے ہر طرح کا میک اپ چھٹا لیں اور اسٹیم لے لیں اگر آپ کے پاس اسٹیم لینے کا وقت نہیں ہے تو چہرے کو نیم گرم پانی سے دھو لیں اور ہلکا سا خشک کرلیں اس سے آپ کی جلد کے مسام کھل جائیں گے اور آپ کی جلد اس فیس پیک کو اچھی طرح جذب کرسکے گی ۔
اگر آپ کے پاس کچھ فیس پیک باقی رہ گیا ہے تو اس کو دوبارہ استعمال کرنے کے لئے فریج میں رکھیں لیکن دو دن کے اندر ہی استعمال کرلیں ۔