کافی اسکرب بنائے آپ کو تروتازہ

0

جلد پرجم جانے والی ناقص پرتیں جو جلد کو نقصان پہنچاتی ہیں ان کو کافی اسکرب کی مدد سے صاف کیا جاسکتا ہے، کافی میں اینٹی اوکسی ڈنٹ وافر مقدار میں موجود ہوتے ہیں جس سے جلد وقت سے پہلے بوڑھی ہونے سے بچ جاتی ہے۔ کسی پریشانی یا مشکل میں سب سے پہلے نیند متاثر ہوتی ہے ۔ اگر کئی دن تک نیند ٹھیک سے نہ آئے تو طبیعت بھاری اور بوجھل محسوس ہونے لگتی ہے ۔ کافی سے سستی دور ہوجاتی ہے ۔ یہ سر کا درد دور کرنے کے لیے بھی مفید ہے ۔

کافی اسکرب جلد کو فائدہ پہنچانے کے ساتھ ساتھ آپ کی رات کی نیند پوری نہ ہونے کی وجہ سے چہرے پر ظاہر ہونے والے سیاہ نشان، تھکن اور چہرے کی بے رونقی کو بھی ختم کر کے تروتازہ بناتا ہے۔ الٹراوائلٹ شعاعیں جلد کی دشمن ہوتی ہیں، جس سے جلد جھلس بھی سکتی ہے، اس کے علاوہ اس پر جو گہرے نشان ظاہر ہوتے ہیں جسے میلازما (melasma) بھی کہا جاتا ہے، ان کو ختم کرنے کے لیے کافی اسکرب حیرت انگیز طاقت رکھتا ہے۔

کافی میں پائے جانے والے اجزا جلد کے نئے ٹشوز کی تشکیل میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ کافی پرانے مسام کی جگہ نئے مسام پیدا کرتی ہے جس سے کولاجن بڑھتا ہے اور جلد میں خوبصورتی پیدا ہوتی ہے۔

کافی کے استعمال کی حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اس سے دوران خون تیز ہوتا ہے، جس سے جلد میں نکھار پیدا ہوتا اور بالوں کی بھی نشوونما بہتر ہوتی ہے۔

کافی کے اسکرب کی خاص بات یہ ہے کہ اس سے جلد پر منفی اثرات ظاہر نہیں ہوتے۔ یہ جلد کے مردہ خلیات کو ختم کرتا ہے اور چہرے کی رونق کو بڑھاتا ہے۔

جلد کی تازگی کے لیے کافی اسکرب :
(coffe scrub for fresh skin)

دو چمچ کافی میں چند قطرے زیتون کا تیل شامل کر کے اچھی طرح مکس کرلیں ، اس کے بعد اس میں تھوڑا سا نمک اور چند قطرے لیموں کے ملا لیں، تیار کیا گیا پیسٹ کسی جار میں بند کر کے رکھ لیں اور ہفتے میں دو سے تین مرتبہ اس کافی اسکرب کو چہرے پر ماسک کے طور پر استعمال کریں، جلد تروتازہ ہوجائے گی۔

آدھا کپ کافی میں چند قطرے دودھ کے شامل کر کے گاڑھا پیسٹ بنالیں، پھر اس کو ماسک کے طور پر چہرے پر لگائیں ، کچھ دیر بعد چہرہ صاف پانی سے دھولیں، کافی اسکرب سے چہرے کا نکھار واضح طور پر سامنے آجائے گا۔

ایک چوتھائی کپ پسی ہوئی کافی میں اتنی ہی مقدار میں چینی شامل کر کے اچھی طرح مکس کرلیں، پھر اس میں دو کھانے کے چمچ ناریل کا تیل ملائیں اور پھر وٹامن ای کے کیپسول کھول کر اس میں ملا دیں، کافی اسکرب تیار ہوجانے پر ہلکے ہاتھوں سے چہرے پر لگائیں اور جلد کے مسائل سے چھٹکارا پائیں۔

کافی میں ناریل کا تیل ملا کر ہونٹوں پر اسکرب کی صورت میں لگانے سے ہونٹ گلابی اور نرم و ملائم ہوجاتے ہیں۔

کافی اسکرب کے استعمال میں احتیاط : (careful in using the coffee scrub)

٭ کافی اسکرب سخت ہوتا ہے ، اس لیے اگر آپ کے چہرے کی جلد حساس ہے تو اس سے گریز کریں۔
٭ اگر آپ کا چہرہ ایکنی کا شکار ہے تو کافی اسکرب کو ہرگز ہرگز استعمال نہ کریں اس سے جلد کو مزید نقصان کا خدشہ ہوتا ہے۔
٭ اگر جلد پر گرمی یا کسی اور وجہ سے لال رنگ کے موٹے یا باریک دانے ہوں تو ایسی صورت میں بھی کافی اسکرب کا استعمال جلد کے لیے نقصان کا سبب ہوتا ہے۔
٭ واضح رہے کہ کافی اسکرب کا کام جلد کی اوپری سطح سے داغ دھبوں اور نشان کو صاف کرنا ہے، جلد کے اندرپیدا ہونے والی بیماریوں کے لیے اسے استعمال ہرگز نہ کیا جائے۔