سردیوں کے موسم میں ہیومیڈیفائر کے فوائد

0

سردیوں کی ہوا خشک ہوا کہلاتی ہے ۔جو کہ آپ کے لئے ہر طرح سے نقصان دہ ثابت ہوتی ہے۔ایسے میں ہیو میڈیفائر کا استعمال آپ کے ماحول میں نمی کے تناسب کو نارمل کرتا ہے اور جس سے آپ کو اور آپ کی فیملی کو بہت فائدہ پہنچتا ہے۔ہوا میں نمی کا تنا سب کم ہو نے کی وجہ سے مختلف وائرسز بھی پھیلنے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔ جیسے جیسے ٹمپریچر کم ہوتا ہے ویسے ویسے صحت اور جلد کے حوالے سے مختلف مسائل میں اضافہ ہوتا جاتا ہے۔ پیڑی زدہ ہونٹ، خشک جلد، سرخ ناک، متورم آنکھیں، الر جیز، اور بیماریاں۔ اسی لئے صحت مند اور تندرست رہنے کے لئے آپ کو سردیوں کے ہیومیڈیفائر کی ضرورت ہے۔ تاکہ ہوا میں نمی کے تناسب کو برقرار رکھا جا سکے۔ یہ نہ صرف آپ کو تروتازہ احساس بخشتا ہے بلکہ سردیوں کے برے اثرات سے بھی حفا ظت کرتا ہے ۔

٭سردیوں کی ہوا خشک کیوں ہوتی ہے؟

اس بات میں کوئی راز نہیں ہے کہ سردیوں کی ہوا ذرا خطر ناک ہوتی ہے جو بعض اوقات تکلیف دہ بھی ہو جاتی ہے۔ دراصل جب ٹمپریچر کم ہونا شروع ہوتا ہے توہوا سرد ہو جاتی ہے۔ اوراس میں کثافت بڑھ جاتی ہے اور یہ اپنی نمی کھونا شروع کر دیتی ہے اور ٹھنڈ کی زیادتی کی وجہ سے پانی کے بخارات خشک ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔ اور ماحول سے نمی کم ہونے لگتی ہے اور خشکی بڑھنے لگتی ہے۔ ایسے میں جب تک بارش نہ ہو یا برف باری نہ ہو تو صورتحال خراب ہی رہتی ہے ۔ایسے میں اگر ہیو میڈیفائر کا استعمال کیا جائے تو سب چیز ویسے ہی نارمل ہو جاتی ہے جیسے کہ گرمی کے موسم میں ہو تی ہے۔ جب ٹمپریچر بڑھتا ہے تو ہوا دوبارہ سے نمی جذب کر نا شروع کر دیتی ہے۔

٭ ہیو میڈیفائر کے استعمال کے فوائد:۔
(benefits of humidifier)

٭انفیکشن کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔ وائرسز اور بیکٹیریا نمی میں نہیں رہ پاتے اور ہیومیڈیفائر کے استعمال سے فلو اور اس جیسے دوسرے وائرسز سے بچائوکا امکان بڑھ جاتا ہے،اور آپ صحت مند رہتے ہیں۔

٭نرم ملائم چمکدار جلد برقرار رہتی ہے۔ سرد اور خشک ہوا آپ کی جلد کی نمی کو چوس لیتی ہے جس کی وجہ سے تمام مسائل پیدا ہوتے ہیں جیسے کہ خشکی، ڈل نیس، جلد کا پپڑی زدہ ہونا، خارش وغیرہ۔ ہیو میڈیفائر کا استعمال ان سب نقصانات سے بچاتا ہے اور آپ کی جلد کی چمک دمک کو برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہو تا ہے۔

٭بند ناک، سائنوسس، یہ وہ مسائل ہیں جو سردی کے عام مسائل ہیں۔ سردی میں جراثیم کے خلاف آپ کی قوت مدافعت کم ہو جاتی ہے اور آپ بڑی آسانی سے ان جراثیم کا شکار بن جاتے ہیں۔ لیکن ہیومیڈیفائر کے ساتھ سونے سے آپ زیادہ آرام دہ گلے اور ناک کے ساتھ بیدار ہو تے ہیں۔

٭ہیومیڈیفائر آپ کو بیماریوں سے بچاتا ہے یا اگر آپ بیمار ہیں تو جلدی صحت یابی کی طرف لے جاتا ہے۔ اور چھینکوں اور کھانسی میں آرام پہنچاتا ہے۔

٭ہیومیڈیفائر کی موجودگی میں آپ کے گھر یا کمرے میں موجود پودے بھی صحت مند رہتے ہیں ورنہ سردی اور خشکی کے باعث پودے بھی ڈل اور بے جان ہو جاتے ہیں۔ لیکن جب ہیو میڈیفائر آپ کے گھر یا کمرے کی فضا کو معتدل رکھتا ہے تو پودے بھی فریش رہتے ہیں۔

٭سردی میں آپ کا لکڑی کا فرنیچر بھی خراب ہونے لگتا ہے، خشک ہوا آپ کے فرنیچر کو بھی تباہ کر دیتہ ہے۔ اور اس میں کریکس آنے لگتے ہیں، ہیومیڈیفائر سے آپ کا فرنیچر بھی خراب ہونے سے بچ سکتا ہے، اور اس کی عمر بڑھ جاتی ہے۔

٭کیا صبح اٹھ کر آپ کی آواز بھی بھاری اور خرخراہٹ والی ہو جاتی ہے ۔ یہ خشک ہوا آپ کے گلے کے غدود پر بھی اثر انداز ہوتی ہے جس کی وجہ سے صبح کے وقت آواز میں فرق آجاتا ہے۔ ہیو میڈیفائر کا استعمال آپ کے گلے کو بھی آرام پہنچاتا ہے اور آپ کی آواز صحیح رہتی ہے ۔

٭اپنے ہیٹر کے بل کو کم کیجیے، کیا آپ جانتے ہیں کہ اگر ہوا میں نمی موجود ہو تووہ خشک ہوا کی بہ نسبت گرم لگتی ہے اور یہ سچ ہے اگر آپ اپنے ماحول میں نمی کا تناسب برقرار رکھیں گے تو وہ گرم محسوس ہو گی جس سے آپ کو ہیٹر کی ضرورت کم پڑے گی۔

٭اپنی نیند کو بہتر بنائیے! اگر آپ کے پارٹنر خراٹے لینے کے عادی ہیں تو ہیومیڈیفائر اس مسئلے کو حل کرنے میں بھی آپ کی مدد کر سکتا ہے۔ عام طور پر خشک گلے اور سائنوس کے باعث خراٹے بڑھ جاتے ہیں نرم گرم ماحول میں آپ آرام دہ اور پر سکون محسوس کریں گے اور بہتر نیند لے سکیں گے۔

٭ کچھ احتیاطی تدابیر:۔

جیسا کہ ہم نے آپ کو بتایا کہ ہیو میڈیفائر آپ کے لئے بہترین ہے لیکن مختلف وجوہات کی بناء پر اس کی باقاعدگی سے صفائی کی جانا ضروری ہے۔ ورنہ یہ جراثیم اور بیکٹیریا کا گڑھ بن سکتا ہے، اور آپ یہ یقیناً نہیں چاہیں گے کہ آپ کے اطراف میں جراثیم تیرتے پھر رہے ہوں۔
اس کی صفائی کے لئے ڈسٹلڈ واٹر استعما ل کریں ،عام نل کے پانی کے استعمال سے اس میں جراثیم پیدا ہو سکتے ہیں۔
ہفتے میں ایک دفعہ اس کی صفائی کو اپنا معمول بنالیں۔
اس کے فلٹرز باقاعدگی سے تبدیل کرتے رہیں۔