خشک جلد کے لیے چنبیلی کا ماسک لگائیں

0

خشک جلد کا سبب خشک موسم سے ہی نہیں ہوتا، خشک موسم تو جلد کو مزید خراب کرتا ہے۔اصل میں جلد کے اندر سے نمی کا ختم ہوجانا باہر سے جلد کو خشک بنا دیتا ہے۔ خشک جلد سے پریشان خواتین اپنی خوشیوں کو بھی خشک کر بیٹھتی ہیں، ذہنی دبائو اور جلد کی نمی میں کمی چہرے کی جلد کو مرجھا کے رکھ دیتی ہے اور چہرہ بے رونق ہوجاتا ہے۔

خشک جلد پہ اگر توجہ نہ دی جائے تو جلد پر زخم بھی نمایاں ہوسکتے ہیں، خشک جلد پر مستقل خارش ہوتی ہے جس سے جلد کو نقصان پہنچتا ہے۔

چنبیلی کا پھول : (jasmine)

یہ پاکستان کا قومی پھول ہے۔ جس کی دنیا بھر میں تقریباً 200سے زائد اقسام پائی جاتی ہیں۔ چنبیلی کے پودرے پر پھول گرمیوں یا پھر موسم بہار میں کھلتے ہیں۔ اس کی خاص بات یہ ہے کہ یہ کھلتا تو سورج کی موجودگی میں لیکن اپنی خوشبو سورج کے غروب ہونے کے بعد بکھیرتا ہے۔

چنبیلی کے پھول کے پتے، عرق اور اس کا تیل جلد، صحت ، بال اور ناخن کے لیے بہت زیادہ فائدہ مند ہوتا ہے، خاص طور پر ایسی خواتین جو خشک جلد کا شکار ہیں ان کے لیے چنبیلی کا تیل اور اس کا ماسک حیرت انگیز طور پر فائدہ مندہے۔

خشک جلد کے لیے چنبیلی کا ماسک : (jasmine mask for dry skin)

چنبیلی اور دہی کا ماسک

چنبیلی کے کچھ تازہ پھول کی پتیوں کو ہاتھوں کی مدد سے اچھی طرح مسل لیں اور ایک پیالے میں ڈال کر اس میں ایک چمچ دہی اور ایک چمچ شوگر شامل کریں۔ پھر ان تمام اجزا کو آپس میں مکس کرلیں۔ پیسٹ تیار ہوجانے کے بعد اس کو چہرے پر دس سے پندرہ منٹ اچھی طرح لگا کر چھوڑ دیں۔ پھر چہرے کو صاف پانی سے دھو لیں، چہرے کی خشکی دور ہوجائے گی اور تازگی حسن کو سجائے گی۔

چنبیلی اور تربوز کا ماسک

صاف اور تازہ تربوز کا اچھی طرح رس نکال کررس کے دو کھانے کے چمچ میں دو سے تین قطرے چنبیلی کے تیل کے شامل کرلیں اور دونوں کو اچھی طرح مکس کر کے چہرے پر ماسک کی صورت میں پندرہ سے بیس منٹ تک لگا رہنے دیں، پھر چہرے کو صاف پانی سے دھولیں ۔جلد کی خشکی ختم ہوجائے گی اور چہرہ کھل اٹھے گا۔

چنبیلی اور بیسن کا ماسک

ایک کپ چنبیلی کی کلی میں ایک کپ بیسن شامل کر کے اس میں دو بڑے چمچ پسی ہوئی ہلدی کے شامل کرلیں۔ اگر آسانی سے پسی ہوئی دار چینی دستیاب ہو تو ایک چمچ وہ بھی شامل کرلیں اور تما م اجزا کو اچھی طرح سے ایک پیالے میں ڈال کے مکس کرلیں۔ پھر اس میں چند قطرے لیموں کے شامل کر کےپیسٹ بنالیں ، اس کو چہرے پر لگائیں کچھ ہی دنوں میں جلد کی خشکی ایسے دور ہوجائے گی جیسے تھی ہی نہیں اس کے علاوہ جلد نرم اور ملائم ہوجائے گی۔

چنبیلی اور اسٹرابری کا ماسک

چنبیلی کے پھول چار چمچ ، 6 عدد اسٹرابیری، ایک کپ عرق گلاب، چار چمچ بادام پائوڈر، چار چمچ دہی اورچار چمچ ملتانی مٹی کو ایک بلینڈر میں ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کرلیں۔ پھر اس کو گاڑھا ہونے کے لیے فریج میں یا فریزر میں کچھ دیر کے لیے رکھ دیں۔ پھر اس کو چہرے پر ماسک کی طرح لگائیں۔ چہرہ صاف بھی ہوجائے گا اور خشکی بھی دور ہوجائے گی۔