زیتون، جلد اور صحت کے لیے حیرت انگیز پھل

0

زیتون ایسا پھل ہے جس کے بے شمار فوائد ہیں۔ قرآن مجید میں بھی مختلف مقامات پر اس کابار بار ذکر کیا گیا ہے ۔ حدیث مبارکہ میں آتا ہے کہ’’زیتون کا تیل کھائو اور اس سے جسم کی مالش کروکہ یہ ایک مبارک درخت ہے‘‘۔

یہ ایک بہت ہی خوش ذائقہ اور لذیذ پھل ہے ۔اس کو بطور پھل کھایا جاتا ہے اور اس کا تیل بھی اپنے اندر بے پناہ خوبیوں کا سمندر رکھتا ہے۔ ہمارے ملک میں زیتون کا استعمال سلاد اور پیزا میں استعمال ہونے کی حد تک رہ گیا ہےجب کہ بہت سے ممالک میں زیتون کے تیل میں کھانے تیار کیے جاتے ہیں۔

انسانی جسم اور جلد کے لیے زیتون نہایت مفید ہے۔ اندرونی نظام کے ساتھ ساتھ زیتون جسم کے بیرونی حصوں کے لیے بھی اپنی مثال آپ ہے۔ توانائی سے بھرپور اس پھل میں وٹامن اے اور ای وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔ بے شمار خصوصیات کے باعث اسے میک اپ کی مصنوعات میں بطور خاص استعمال کیا جاتا ہے۔

زیتون تاریخ کا قدیم ترین پودا کہلاتا ہے، اس کے پتوں میں خاص چمک پائی جاتی ہے۔ زیتون کے درخت کو سیاست کے میدان میں امن کی علامت بھی سمجھا جاتا ہے۔ اس کا درخت اونچائی کی جانب بڑھتا ہے۔غذائیت سے بھرپور اس پھل اور اس کے تیل کو مختلف طریقوں سے استعمال کیا جائے تو جلد کی بیماریوں سے نجات حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ جلد کی دلکشی، شگفتگی اور شادابی کو بھی قائم رکھا جاسکتا ہے۔

چہرے کو خوبصورت بنانے کے لیے

چائے کے چار چمچ نمک اور تین چمچ زیتون کے تیل میں ملا کر پیسٹ بنالیں۔اس کو انگلیوں کی مدد سے چہرے پر لگائیں۔ یہ عمل ایک سے دو منٹ تک جاری رکھیں پھر اس پیسٹ کو نیم گرم پانی سے صاف کردیں۔ یہ عمل ابتدا میں ہفتے کے ساتوں دن انجام دیں اس کے بعد آہستہ آہستہ اس میں کمی کردیں۔ آپ کو چہرے پر نمایاں بہتری نظر آئے گی۔

ہاتھوں کو خوبصورت بنانے کے لیے

زیتون کے تیل ایک چائے کا چمچ اور اس میں برابر کی مقدار کا نمک یا چینی شامل کرلیں۔ اس پیسٹ کو لگاتار کچھ دیر تک اپنے ہاتھوں پر زور زور سے رگڑیں۔10 سے 15 منٹ کے بعد اس کو صابن کی مدد سے دھو کر اچھی طرح صاف کرلیں۔ ہاتھ نرم و ملائم ہونے کے علاوہ چکنائی سے پاک بھی ہوجائیں گے۔

جسم کی صفائی کے لیے

جسم کی جلد کو حسین اور ملائم بنانے کے لیے زیتون تیر بہدف ثابت ہوتا ہے۔ زیتون کے تیل میں شکر ملا کر اس مسکچر کو جسم پر لگا کر اچھی طرح مالش کریں، اور جسم کے جس حصے پر مردہ جلد کا احساس ہو وہاں کچھ دیر مزید مالش کریں اور ذرا تیز ہاتھ سے کریں تاکہ مردہ جلد ہٹ جائے اور جسم صاف اور شفاف ہوجائے۔

ناخنوں کی خوبصورتی کے لیے

اکثر خواتین کو یہ شکایت رہتی ہے کہ ان کے ناخن کی چمک ماند پڑتی جا رہی ہے۔ ایسے میں زیتون کا تیل اس چمک کو واپس لانے میں بہت موثر ثابت ہوتا ہے۔ زیتون کا تیل کچھ دیر تک ناخن پر لگائیں تو کھوئی ہوئی چمک کھوئے ہوئے سونے کی طرح حاصل ہوسکتے ہے۔ یاد رہے کہ ناخن پر تیل لگانے سے پہلے اگر نیل پالش لگی ہوئی ہے تو اسے صاف کرنا ضروری ہے۔

جلد کے لیے زیتون کا مختلف استعمال

٭ جلد کی خشکی دور کرنے کے لیے سمندری نمک میں زیتون کا تیل ملا کر لگانے سے خشکی ختم ہوجاتی ہے۔
٭ جلی ہوئی جلد پر زیتون کا تیل لگانے سے جلد نہ صرف اچھی ہوجاتی ہے بلکہ اس کی سوزش بھی دور ہوجاتی ہے۔
٭ چہرے کے حساس حصوں سے میک صاف کرنے کے لیے زیتون کا تیل بہت مفید ہے۔
٭ جلد کے داغ دھبے دور کرنے کے لیےزیتون کے تیل میں اسٹرابری اور شکر ملا لگانے سے نشانات غائب ہوجاتے ہیں۔
٭ چیچک کے داغ ختم کرنے کے لیے چہرے پر زیتون کے تیل کی مالش کیجیے ، چہرہ صاف اور چمکدار ہوجائے گا۔
٭ جلد پر خارش یا فنگس ہوجانے کی صورت میں کلونجی کو بھون کر زیتون کے تیل میں مکس کرکے لگانا بہت مفید ہے۔
٭ جلد پر لگے زخموں کو بھرنے کے لیے مرہم کو زیتون کے تیل میں ملا کر لگانے سے زخم ختم ہوجاتے ہیں ۔