جلد کی حفاظت کے لیے یہ ۵ چیزیں بیگ میں رکھیں

0

جلد کی حفاظت بھی خواتین جان کی حفاظت کی طرح کرتی ہیں، جلد چوں کہ نازک ہوتی ہے اور اس پر موسم اور ماحول دونوں جلد اثر انداز ہوتے ہیں۔ ایسی خواتین جو گھر سے باہر جاتی ہیں ان کے لیے دھوپ، دھوئیں، گرد و غبار اور آلودگی سےجلد کو بچانا کسی امتحان سے کم نہیں۔

جس طرح گھروں، دفتروں اور ایسے مقامات پر جہاں بہت زیادہ لوگ کام کرتے ہیں، کسی بھی نقصان سے بچنے کے لیے فرسٹ ایڈ باکس موجود ہوتا ہے جو کسی بھی حادثے یا نقصان کی صورت میں فوری طور پر کام میں لایا جاتاہے، بالکل اسی طرح اگر خواتین کچھ اہم اور ضروری چیزیں اپنے بیگ میں رکھ لیں تو جلد کی بھرپور حفاظت ممکن ہوسکتی ہے۔

ایسی خواتین جن پر موسم کا اثر عام خواتین کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے ان کو چاہیے کہ وہ اپنی جلد کی مناسبت سے اپنے بیگ میں وہ تمام چیزیں رکھ لیں جس کو استعمال کر کے وہ فوری طور پر تروتازہ دکھائی دیں اور محفل، دفتر یا اور جہاں کہیں بھی وہ جا رہی ہیں وہاں لوگوں کی توجہ کا مرکز بن جائیں۔

جلد کی حفاظت کے لیے پانچ اہم چیزیں:(5 skincare essentials)

سن بلاک:(sun block)

سن بلاک دھوپ سے بچائو کے لیے بہترین ہوتاہے، اگر آپ کی جلد حساس ہے اور گھر سے باہر سورج کی سلگتی ہوئی شعاعیں زمین پر پڑرہی ہیں تو آپ کی جلد کیسے بچ سکتی ہے۔ اس کو صرف اور صرف سن بلاک کی مدد سے بچایا جاسکتا ہے، اچھی کمپنی کا سن بلاک چہرے، ہاتھوں اور گردن پر لگانے سے جلد اور سورج کی شعاعوں کے درمیان ایک حفاظتی دیوار حائل ہوجاتی ہے جس سے آپ کی جلد سورج کی مضرشعاعوں سے محفوظ رہتی ہے اور میلازما جیسی بیمار ی کا شکار ہونے سے بھی آپ کو بچاتی ہے۔

روزواٹر:(rosewater)

چہرے کو تروتازہ بنانے کے لیے اگر روز واٹر کا استعمال کیا جائے تو جلد کے لیے بہت اچھاہے، یہ ایک بہت ہی سادہ طریقے سے گھر پر بھی تیار کی جاسکتا ہے، اس کے علاوہ روز واٹر کا اسپرے بھی عام دکانوں پر دستیاب ہوتا ہے، اس کو اگر خواتین اپنے بیگ میں رکھ لیں اور کچھ دیر کے بعد اسپرے کریں تو چہرے کی جلد چمک اٹھتی ہے۔

سینی ٹائزر:(sanitizer)

صرف جلد کی صفائی ہی سب کچھ نہیں ، جلد کو جراثیم سے پاک رکھنا بھی کمال ہے، اور اس مشکل کو آسان کرتا ہے خواتین کے بیگ میں رکھا ہوا سینی ٹائزر، جو بہت کم قیمت میں عام دکانوں پر بآاسانی دستیاب ہوتا ہے اور اس کو ہاتھوں پر لگانے سے یا پھر کچھ کھانے پینے سے پہلے اس کو استعمال کرنے سے جلد پر لگے جراثیم لمحوں میں صاف ہوجاتے ہیں۔

فائونڈیشن:(foundation)

ایسی خواتین جو خود کو میک اپ میں زیادہ رکھتی ہیں، ان کے لیے کچھ دیر کے بعد ان کا میک اپ خراب ہوجانا دل کا خراب ہونا ہے، اگر وہ کہیں جا رہی ہیں تو ان کو چاہیے کہ اپنے بیگ میں اچھی کمپنی کا فائونڈیشن رکھ لیں اور کہیں جانے سے پہلے یا پھر کسی مناسب جگہ پر چہرے پر فائونڈیشن کا استعمال کریں تاکہ دیکھنے والا بار بار آپ کے چہرے کو دیکھنے پر مجبور ہوجائے۔

لپ گلوس:(lip gloss)

یہ بہت ہی اچھی اور ہونٹوں کو تروتازہ رکھنے والی میک اپ پروڈکٹ ہے۔ جس طرح آنکھیں چہرے پر واضح دکھائی دیتی ہیں اسی طرح ہونٹ بھی اپنی خوبصورتی جتانے میں کسی سے پیچھے نہیں رہتے، اور اگر ان کچھ دیر کے بعد لپ گلوس استعمال کیا جائے تو یہ دن میں ستاروں کی طرح چمک اٹھتے ہیں۔