پودینے کا تیل صحت کے لیے بہترین ہے

0

پودینہ زمین میں اگنے والی وہ نعمت ہے جس کے فوائد شمار سے باہر ہیں، پودینے کھانوں میں خوشبو بڑھانے کے لیے ہی نہیں بلکہ انسانی صحت کو تندرست رکھنے کے لیے بہت سے طریقوں سے استعمال کیا جاتا ہے۔ خوشبودار پودینہ وہ ہے جو آج سے نہیں بلکہ ہزاروں سال سے طب کی دنیا میں جانا اور مانا جاتا ہے، پودینہ ہر جگہ اور ہر موسم میں باآسانی دسیتاب ہوتا ہے اور قیمت میں اتنا کم کہ ہر آدمی کی دسترس میں ہوتا ہے۔

پودینے کی چائے، پودینے کا تیل، سوکھا پودینہ، پودینے کا عرق، پودینے کے پتے ہر طرح سے ہر کسی کے لیے فائدہ مند ہوتے ہیں، بس اس کا استعمال کسی ماہر طب یا کسی ماہر ڈاکٹر کے مشورے کے مطابق کرنا چاہیے۔ انسان اپنی صحت کو تن درست اور توانا رکھنے کے لیے ہرجتن کر تا ہے، دنیا کے بڑے بڑے ڈاکٹرز اور صحت کے ماہرین کے ترتیب دیے ہوئے غذا کے پلان پر عمل کر کے اپنی صحت کی حفاظت چاہتا ہے۔

پودینے کے حوالے سے ہونے والی اب تک کی تقریباً تحقیقات میں پودینے کی اہمیت اور افادیت پر اتفاق کیا گیا ہے، پودینہ انسانی صحت اور انسانی جلد کے لیے حیرت انگیز فائدے اپنے اندر چھپا کے رکھتا ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہےکہ انسان کو اپنی خوراک میں تھوڑا بہت پودینے کا استعمال لازمی کرنا چاہیے ، اس سے صحت مضبوط اور طبیعت ہشاش بشاش رہتی ہے، پودینے کی خوشبو نزلے، زکام اور کھانسی میں بے حد آرام پہنچاتی ہے۔

پودینے کا تیل (peppermint essential oil) کس طرح صحت کو اچھا بناتا ہے اور پودینے کا تیل کن بیماریوں میں کمال دکھاتا ہے اس سے آگاہی بہت ضروری ہے۔

صحت کے لیے پودینے کے تیل کے فوائد :
(health benefits of peppermint essential oil)

٭ پودینے کے تیل کا تیل پٹھوں کو آرام بخشتا ہے۔
٭ کمر میں اٹھنے والے درد میں اگر چند قطرے پودینے کے تیل کے لگا کر اسے کپڑے سے ڈھانپ لیا جائے تو درد کچھ ہی دیر میں کمر کا ساتھ چھوڑ جائے گا۔
٭ ہاتھوں پیروں پر سوجن آجانے کی صورت میں پودینے کا تیل لگا کر فرق صاف ظاہر ہوتا ہے۔
٭ پودینے کے تیل کی مہک وقتی طور پر بھوک کو مٹا دیتی ہے۔
٭ پودینے کاتیل سر درد میں کسی کرشمے سے کم نہیں، سر کے شدید درد میں اگر چند قطرے ماتھے پر پودینے کے تیل کے لگا لیے جائیں تودرد سر کی جان چھوڑ دیتا ہے۔
٭ اگر آ پ چاہتے ہیں کہ آپ کی سانسیں مہکی مہکی رہیں تو بس پودینے کے تیل کی ایک بوند زبان پر ٹپکا لیں اورآپ کی سانسیں خود ہی مہک اٹھیں گی۔
٭ پودینے کا تیل نظام ہاضمہ کو درست اور فعال رکھتا ہے۔
٭ قبض اور ڈائریا کی صورت میں پودینے کے تیل سے سو فیصد فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔
٭ جلد پر ہونے والی خارش، ایگزیما، سرخ دانوں اور جلد پھٹنے کی صورت میں پودینے کا تیل جادوئی اثر دکھاتا ہے۔
٭ پودینے کا تیل منہ کے اندر ہونے والے چھالوں کا بہترین علاج ہے۔
٭ پودینے کے تیل کا استعمال چہرے کی جھریوں کے خاتمے کے لیے اکسیر ہے۔
٭ پودینے کے تیل کی مالش کرنے سے سر کی خشکی ختم ہوتی ہے اور دماغ تازہ ہوجاتا ہے۔