بہتر جلد کے لیے 7 صحت مند عادتیں اپنائیے

0
بات جب جلد کی صحت کی آجائے تو ضروری نہیں کہ بڑے بڑے جلد کے ماہرین سے رابطہ قائم کیا جائے۔ ذرا سی احتیاط اور معمولی توجہ سے آپ اپنی جلد کو ایک طویل عرصے تک خوبصورت اور جوان رکھ سکتے ہیں۔ خاص طور پر وہ خواتین جو ملازمت پیشہ ہوتی ہیں انھیں روزانہ تقریباً 10گھنٹے گھر سے باہر رہنا پڑتا ہے، آلودہ فضا اور باہر کے غیر معیاری کھانے اکثر ان کی جلد کو بے رونق اور کمزور بنا دیتے ہیں۔ مہنگی ادویات ، ماہر ڈاکٹرز کی فیس اور قیمتی کاسمیٹکس مصنوعات قطعی اس کا حل نہیں ہیں۔ سب سے پہلے یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ جلد کے غیر صحت مند ہونے کی کیا وجوہات ہیں۔ اس کے لیے کسی قریبی اسکن کے ماہر ڈاکٹر سے ایک بار رجوع کر کے اصل وجہ جان لی جائے اور پھر اس کے بتائے ہوئے طریقے کے مطابق جلد کی حفاظت کر کے اسے صحت مند بنایا جائے۔
اس کے ساتھ ساتھ اگر گھریلو ٹوٹکوں اور صحت سے متعلق باتوں کو اپنایا جائے تو بہت ممکن ہے کہ جلدکی صحت قائم رہے۔ اس سلسلے میں سب سے پہلے تو اس بات کا یقین کرلیا جائے کہ آپ کی جلد چکنی ہے، کھردری ہے، خشک ہے یا نارمل ہے۔ جب جلد کی پہچان ہوجائے تو اس کے حساب سے اس کی دیکھ بھال کی جائے۔ کچھ خواتین کو سردیوں کے موسم میں جلد کے حوالے سے پریشانی کا سامنا رہتا ہے انھیں چاہیے اپنی جلد کے مطابق اس کا خیال رکھیں۔ دودھ، دہی، لسی ، جوس اور پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں ،اس کے علاوہ رس دار پھل اور سبزیاں اپنی غذا میں ضرور شامل رکھیں تاکہ جلد صحت مند اور گلاب کی طرح کھلتی رہے۔
صحت مند جلد (Healthy skin) کے لیے 7اہم نسخے 
1    دن میں کم سے کم 8گلاس پانی پینے سے جلد صحت مند اور چمک دار ہوجاتی ہے۔
2    موئسچرائزنگ کریم سے مساج کرنے سے جلد چمکدار اور صاف رہتی ہے۔
3    خورا ک میں تازہ سبزیوں اور تازہ پھلوں کا استعمال جلد کو خوبصورت اور شاداب بناتا ہے۔
4    دہی قدرت کا ایک نہایت ہی قیمتی انعام ہے، دہی کا استعمال جلد کو صحت مند رکھنے کے حوالے سے جادوئی اثر رکھتا ہے۔
5    ورزش اور تازہ ہوا میں چہل قدمی سے جسم اسمارٹ اور جلد پُررونق ہوجاتی ہے۔
6    بھرپور نیند لینے سے جلد میں تنائو اور تازگی پیدا ہوتی ہے اور جلد کے ساتھ ساتھ انسان خود کو فریش محسوس کرتا ہے
7    اچھے اور معیاری صابن، لوشن اور کریم جلد کو جواں رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔