سردیوں کی شادی – لائٹ ریفلیکٹنگ فائونڈیشن اور کنسیلر کا استعمال

0

میک اپ تو ویسے ہی ایک مسئلہ ہے اس پر اگر موسم بھی سرد ہو، خشک ہوائیں اپنی موج میں ہوں تو ایسے میں جسم اور چہرے کی جلد کو نت نئی صورت حال کا سامنا رہتا ہے۔ ویسے تو سردیوں کا موسم ہر دل کو بھاتا ہے، لیکن ان کے لیے یہ کسی اذیت سے کم نہیں ہوتا جو جلد کے مسائل (skin problems) کا شکار ہوتے ہیں ، خاص طور پر خواتین کو سرد موسم میں دہری مشکل سے نبرد آزما ہونا پڑتا ہے۔

سرد موسم میں خشک جلد کو نرم و ملائم ہی بنانا کمال نہیں بلکہ شادی بیاہ اور دیگر تقریبات کے موقعے پر کیا جانے والا میک اپ بھی سرد اور خشک ہوائوں کی نذر ہو کر رہ جاتا ہے۔ اگر آپ سرد موسم میں کسی کی شادی میں شرکت کرنے جا رہی ہیں تو آپ کو اپنی جلد اور موسم کی تبدیلی کو مکمل طور پر ذہن میں رکھتے ہوئے اپنے میک اپ کا خیال رکھنا ہوگا۔

گرمیوں کے موسم میں وہ خواتین جو چکنی جلد سے پریشان ہوتی ہیں ، پسینہ اور گرمی کی شدت ان کے میک اپ کو کسی کام کا نہیں چھوڑتی، اسی لیے وہ گرمیوں کے موسم میں میک اپ کرنے سے بھی گریز کرتی ہیں۔ اس کے برعکس سرد موسم میں جلد خشک ، کھردری اور بے رونق ہوجاتی ہے، مہنگی سے مہنگی میک اپ پروڈکٹ بھی ماند پڑ جاتی ہے اور میک اپ کے بعد بھی وہ نکھار نہیں آتا جس کی امید ہوتی ہے۔

خواتین کو سب سے پہلے تو سرد موسم میں اس بات سے واقف ہونے کی ضرورت ہے کہ ان کی اپنی جلد کیسی ہے اور اس پر کون سا میک اپ سوٹ کرے گااور دیر تک قائم رہے گا، یہ سب جاننا اتنا ہی ضروری ہے جتنا کہ انسان کو اپنی صحت کے بارے میں جاننے کی ضرورت ہے۔

میک اپ کی یوں تو اور بہت سی پروڈکٹ ہیں، لیکن میک اپ کی بنیاد سمجھی جانے والی مصنوعات میں فائونڈیشن اور کنسیلر خاص اہمیت کا حامل ہے۔

سرد موسم میں لائٹ ریفلیکٹینگ فائونڈیشن اور کنسیلر کا استعمال :
(use a light reflecting foundation and concealer )

فائونڈیشن میک اپ کا بیس ہوتا ہے، ماہر بیوٹیشنز کا کہنا ہے کہ اگر فائونڈیشن کے استعمال سے پہلے موائسچرائزر لگا یا جائے توجلد سرد موسم کے اثرات سے محفوظ رہی ہے۔

لائٹ ریفلیکٹنگ فائونڈیشن کا استعمال میک اپ کو بھی دیر تک قائم رکھتا ہے اور موسم سرما میں خشک ہوائوں کے اثر سے بھی جلد کی حفاظت کرتا ہے۔

لائٹ ریفلیکٹنگ فاؤنڈیشن کے استعمال سے پہلے اگر اپنی بیوٹیشن سے مشورہ کرلیا جائے تو زیادہ بہتر ہوگا،کیوںکہ آپ کی جلد کے بارے میں وہ آپ سے زیادہ جانتی ہیں۔

سرد موسم میں کنسیلر کا استعمال : (use concealer in winter)

کنسیلر آنکھوں کے گرد سیاہ حلقوں کو چھپانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
کنسیلر کو ہمیشہ اوپر سے نیچے کی جانب لگانا چاہیے، نیچے سے اوپر کی جانب لگانے سے جلد خراب ہوتی ہے۔
چہرے پر جہاں جہاں داغ دھبے ہوں کنسیلر کو وہاں بلینڈ کر کے لگائیں۔
سردیوں میں عام طور پر بھی آنکھوں کی جلد خشک ہو کر اترنے لگتی ہے اس صورت میں آئی میک اپ کرتے ہوئے لیکوڈ کنسیلر استعمال کریں۔