پانچ قدرتی اجزا سے پھٹے ہوئے ہونٹوں کا علاج کریں

0

ہونٹوں کی خوبصورتی، نمی، ملائمت اور ان کی رنگت ہر کسی کی توجہ کا سب سے پہلے مرکز بنتی ہے، دیکھنے والے جس طرح کسی کی حسین آنکھوں میں ڈوب جاتے ہیں اسی طرح سرخ اور گلابی ہونٹ بھی دلوں میں اترنے کا ہنر جانتے ہیں۔

جس طرح جلد پر موسم کے اثرات مرتب ہوتے ہیں تو اس میں تبدیلی واقع ہونا شروع ہوجاتی ہے اسی طرح موسم سرما کا نزلہ عموما ہونٹوں کی جلد پر گرتا ہے ، ہونٹ پھٹنے (chapped lips) لگتے ہیں یہاں تک کہ زخمی بھی ہوجاتے ہیں۔

سردیوں کے موسم میں ہونٹوں کی حفاظت (lips cre) بہت ضروری ہوتی ہے، اس کے لیے لپ اسٹک، لپ بام، پیٹرولیم جیلی اور دیگر میک اپ پروڈکٹ تو ہیں ہی اس کے ساتھ ساتھ کچھ ایسے قدرتی اجزا بھی ہیں جن کو استعمال کرتے ہوئے ہونٹوں کو نہ صرف پھٹنے سے بچایا جاسکتا ہے بلکہ ان کی رنگت اور ملائمت بھی قائم رکھی جاسکتی ہے۔

قدرتی اجزا سے پھٹے ہونٹوں کا علاج :
(cure your chapped lips with natural ingredients)

بالائی

اگر آپ اپنے ہونٹوں کو کھلتے ہوئے پھول کی طرح گلابی اورنرم و ملائم بنانا چاہتی ہیں تو قدرتی اجزا میں بالائی کو نظر انداز مت کریں۔ ہونٹوں کو خاص طور پر موسم سرما میں پھٹنے اور خشکی سے بچانے کے لیے دودھ کی بالائی باقاعدگی سے رات کو سونے سے قبل ہونٹوں پر لگائیں اور صبح ہونٹ چہرے کے ساتھ دھولیں، کچھ ہی دنوں میں ہونٹ خشکی سے دور اور گلاب کی طرح کھل اٹھیں گے۔

بادام کا تیل

بادام اپنے اندر جلد اور صحت کی حفاظت کے حوالے سے بے شمار خوبیاں اور طاقت رکھتا ہے۔اس میں کچھ ایسے وٹامن بھی پائے جاتے ہیں جو جلد کو نرم و ملائم بنانے میں اہم سمجھے جاتے ہیں جن میں وٹامن ای خاص طور پر قابل ذکر ہے۔اگر ہونٹ بہت زیادہ خشک ہونے لگیں، ان پر پپٹری جمنے لگے تو بادام کے تیل کے چند قطرے ہونٹوںپر لگائیں اور پھراپنے ہونٹوں کی رنگت اور ملائمت خود دیکھیں۔

شہد

شہد ہزاروں بیماریوں کا علاج ہے، قدرتی طور پر اس میں شفا رکھی گئ ہے جس کا ذکر قرآن مجید اور احادیث مبارکہ میں بھی ملتا ہے۔ وٹامن سی سے بھرپور شہد جلد کی بہت سے بیماریوں کے علاوہ جلد کو خوبصورت بنانے میں بھی اہم سمجھا جاتا ہے۔ جلد کی خشکی کو دور کرنے اور ہونٹوں کو پھٹنے سے بچانے کا شہد ایک بہت ہی بہترین علاج ہے۔
شہد میں لیموں کے رس کے چند قطرے، گلیسرین اور گلاب کے عرق کو ملا کر پیسٹ بنالیں اور ہونٹوں پر پابندی سے لگائیں، کچھ ہی دنوں میں جلد بھی ٹھیک ہوجائے گی اور ہونٹ بھی تروتازہ دکھائی دیں گے۔

ٹماٹر

ٹماٹر جسے دنیا بھر میں پھل کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے لیکن ہمارے یہاں اس کو بطور سبزی استعمال کیا جاتاہے، ٹماٹر کو بہت سے طریقوں سے استعمال کیا جاتاہے، کھانوں میں ذائقہ بڑھانے کے لیے ٹماٹر ایک خاص سبزی ہے اس کے علاوہ سلاد کی صورت اسے کچا بھی کھایا جاتا ہے،ٹماٹر کی خاص بات یہ ہے کہ اس کو جس طرح بھی کھایا جائے اس کی افادیت میں کوئی کمی نہیں آتی، ٹماٹر کا رس پھٹے ہوئے ہونٹوں کو ایسے ٹھیک کرتا ہے جیسے وہ ہونٹ کبھی پھٹے ہی نہیں تھے۔ٹماٹر کے رس کو کچھ دیر ہونٹوں پر لگائیں پھر اسے صاف کرلیں ، ہونٹوں کی خشکی کے خاتمے کے ساتھ ہونٹوں کی سیاہی بھی ختم ہوجائے گی۔

ناریل کا تیل

ناریل وہ پھل ہے جس میں قدرت نے اس کی چھال، اس کے گودےاور اس کے پانی میں انسانی جلد اور صحت کے لیے خزانے ہی خزانے رکھے ہیں، جلد کی خوبصورتی اور خاص طور پر ہونٹوں کی خوبصورتی اور ان کو خشک ہونے سے بچانے کے لیے ناریل کا تیل جادوئی اثر دکھاتا ہے، اگر ہونٹ پھٹ رہے ہوں تو ان پر ناریل کا تیل لگا کر کچھ دیر کے لیے چھوڑ دیں، خشکی ختم ہوجائے گی اور ہونٹ گلاب کی طرح کھل اٹھیں گے۔