موسم بہار میں یہ چار اسموکی آئیز میک اپ ٹرائی کریں

0

کچھ آنکھیں اتنی حسین ہوتی کہ ان کو دیکھ کر دل رشک کرنے لگتاہے، قدرت نے آنکھوں کو ایسے ہنر عطا کیے ہیں کہ انسانی عقل دنگ رہ جائے، آنکھیں د ل کو پڑھنے کا راز جانتی ہیں۔ آنکھیں شخصیت کا آئینہ ہوتی ہیں، کیوں سوچتی ہیں بتا دیتی ہیں، کیا سوچتی ہیں، یہ بھی ظاہر کردیتی ہیں، اور بعض اوقات تو کیا چاہتی ہیں اس کا بھی اظہار کردیتی ہیں۔

شاعری میں آنکھوں کو ہمیشہ خاص اہمیت حاصل رہی ہے، آنکھیں شاعری کا محور و مرکز ہوتی ہیں، محبوب کی آنکھوں کو شاعر ہر خوبصورت اور حسین چیز شے تشبہہ دے کر اس کو مزید حسین بیان کرتا ہے۔ آنکھیں ،گہری ہوں تو سمندر، نیلی ہوں تو جھیل،سیاہ ہوں تو کاجل، تازہ ہوں تو گلاب ، روشن ہوں تو ماہتاب، دلکش ہوں تو کنول، اور محبت ہوں تو بھرپورغزل۔

کچھ خواتین کی آنکھیں قدرتی چمک دار اور موتیوں کی طرح ہوتی ہیں، جب کہ کچھ خواتین میک اپ کے فن سے انھیں حسین سے حسین تر بنا دیتی ہیں، کہ دیکھنے والا تعریف کے بغیر نہیں رہ سکتا۔ آنکھوں کے میک اپ کے مختلف طریقے انھیں دلکش بناتے ہیں، دنیا بھر میں ماڈلز سے عام گھریلو خواتین تک میک اپ میں آنکھوں کو خوبصورت بنانے پر ساری توجہ مرکوز رکھتی ہیں۔

اسموکی آئیز میک اپ : (smokey eye makeup)

آنکھوں کے میک اپ کے حوالے سے موسم بہار میں اسموکی آئیز بہت زیادہ پسند کی جاتی ہیں، اسموکی آئیز کا منفرد لک ہوتا ہے، اور خواتین پر یہ میک اپ بہت سوٹ کرتاہے۔

اسموکی آئیز، آنکھوں کا سب سے اچھا اور معیاری میک اپ مانا جاتا ہے، جس کے لیے آئی شیڈز زیادہ تعداد میں درکار ہوتے ہیں۔ اس سے آنکھیں زیادہ ہائی لائٹ ہوتی ہیں۔ اسموکی آئیز میک اپ کی مدد سے آنکھوں کے نیچے موجود حلقوں کو جھپانے میں بھی مدد ملتی ہے۔

اسموکی آئیز کا طریقہ:

سب سے پہلے سوفٹ کلر اپنے پپوٹوں اور آئی بروز کی ہڈی پر لگائیں۔
پھر ہلکا سا کوئی بھی شیڈ آنکھوں کے اندورنی حصے کے قریب لگائیں۔
ہلکا شیڈ آنکھوں کے نچلے حصے پر بھی لائن کی صورت میں لگایا جاسکتاہے۔
اس کے بعد کوئی ڈارک شیڈ آنکھوں کے بیرونی کونے سے آنکھوں کی آئوٹ لائن اور پپوٹوں کے درمیان لگائیں۔
پھر اس کو انگلی کی مدد سے پھیلادیں۔
پھر اس ایک اور شیڈ استعمال کریں اور آنکھوں پر لائنر کی طرح لگائیں ۔
اس کے بعد اپنی پلکوں کو کرل کرلیں۔
پلکوں پر سب سے گہرے شیڈ کا مسکارا استعمال کریں۔

موسم بہار میں یہ چار مختلف اسموکی آئیز میک اپ:

اسموکی آئیز میک اپ بلیو شیڈز:

اسموکی آئیز میک اپ زیادہ تر ماڈلز اور پارٹی میک اپ میں کیا جاتا ہے، اگر آپ کا رنگ صاف ہے اور آنکھیں قدرتی طور پر خوبصورت ہیں تو آپ اسموکی آئیز میک اپ کے لیے ڈارک بلیو شیڈز استعمال کریں، اس سے آنکھیں بھی اچھی لگتی ہیں اور شخصیت میں بھی نکھار آتا ہے۔

اسموکی آئیز میک اپ گولڈن شیڈز:

کسی خاص فوٹو شوٹ کے لیے ماڈلز کا میک اپ کرتے ہوئے گولڈن شیڈ کو مدِنظر رکھا جاتا ہے۔ اگر آپ بھی کسی رات کے فنکشن کے لیے تیار ہو رہی ہیں تو گولڈن شیڈ کو دھیان میں رکھتے ہوئے اسموکی آئی میک اپ کریں یا اپنی ماہر بیوٹیشنز کے مشورے کے مطابق مختلف قسم کے شیڈز استعمال کریں۔

اسموکی آئیز میک اپ، پنک ریڈ مکس:

کچھ خواتین کا رنگ سانولا تو ہوتا ہے لیکن صاف اتنا زیادہ ہوتا ہے کہ اس پر ہر قسم کا میک اپ اچھا لگتاہے، بہت کم اور غیر معیاری میک اپ ہوتے ہیں جو اس جلد پر سوٹ نہیں کرتے، ایسی صورت میں اگر اسموکی آئیز میک اپ کی ضرورت ہو تو دو مختلف رنگوں کو ملا کر بھی آنکھوں کو دلکش بنایا جاسکتا ہے جس میں پنک اور ریڈ کلر خاص طور پر قابل ذکر ہے۔

اسموکی آئیز میک اپ، گرین شیڈ:

اگر آپ کسی ایسی تقریب میں شرکت کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں جہاں لائٹنگ بہت زیادہ ہے تو یہ بھی ذہن میں رکھیں کہ وہاں پر ڈارک اسموکی آئیز میک اپ آپ کے حسن کو چار چاند لگا دے گا، ایسی محفل کے لیے گرین شیڈ کا استعمال کریں، اس کے ساتھ کوئی اور ہلکا شیڈ بھی آنکھوں کے لیے استعمال کیا جاسکتاہے، اس طرح اسموکی آئیز میک اپ سے آپ محفل کی جان بن سکتی ہیں۔