جھریوں کے علاج کے لئے گھریلو ٹوٹکے

0

جلد پتلی اورڈھیلی ہو جانے کی وجہ سے جھریاں بن جاتی ہیں ۔عام طور پر یہ چہرے ،گردن ،ہاتھوں اور ماتھے پرنمایاں ہوتی ہیں۔ ذیادہ تر عمر کے بڑھنے کے ساتھ جھریاں بننا شروع ہوتی ہیں لیکن بعض اوقات وقت سے پہلے بھی نمودار ہو جاتی ہیں جن کی وجہ تیز دھوپ ،سگریٹ نوشی ،ذہنی دبائو اوروٹامن ای کی کمی بھی ہوسکتی ہے۔
گھریلو ٹوٹکوں کے ذریعے جھریوں کو ناصرف کم کیا جاسکتا ہے بلکہ جلد کو مزید جھریوں سے بچایا بھی جاسکتا ہے۔

مالش کریں:

جلد کی مالش کے لئے ذیتون کا تیل بہترین ہے۔اس میں موجود وٹامن اے اور ای جلد کو نقصان پہنچانے والے فری ریڈیکل کا خاتمہ کرتے ہیں۔ متاثرہ حصے پر ذیتون کے تیل کی روزانہ مالش جلد کو نمی فراہم کرنے کے ساتھ تروتازہ بناتی ہے۔
اس کے علاوہ ذیتون کے تیل میں شہد اور گلسرین ملا کر لگانے سے جلدکے مردہ خلیات ختم ہوجاتے ہیں اورڈھیلی جلد ٹائٹ ہو جاتی ہے۔
ناریل یا بادام کا تیل یاوٹامن ای آئل بھی جلد کی مالش کے لئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

میتھی:

میتھی کے پتے ،بیج اور تیل بھی جلد کے مسائل حل کرنے کے کام آتا ہے۔میتھی کے پتوں میں وٹامنز اور منرلز ہوتے ہیں جو جلد میں آسانی کے ساتھ جذب ہوجاتے ہیںاورجھریوں اور لکیروں کا خاتمہ کردیتے ہیں ۔
۔ایک مٹھی تازہ میتھی کے پتے پیس کر گاڑھا پیسٹ بنالیں۔یہ پیسٹ چہرے پر لگا کر سو جائیں،صبح اٹھ کر نیم گرم پانی سے منہ دھو لیں ۔
اس کے علاوہ میتھی کے پتے پانی میں ڈال کر ابال لیں اور اس سے چہرہ دھو لیں۔

ایلو ویرا:

ایلو ویرا میں موجود میلک ایسڈ جھریوں کا خاتمہ کرکے جلد کو لچک دار بناتا ہے۔
ایلو ویرا کا تازہ پتہ کاٹ کر اس کا جیل نکال لیں اور متاثرہ حصے پر لگائیں ۔ ۱۵ سے ۲۰ منٹ کے لئے لگا رہنے دیں ۔ پھر نیم گرم پانی سے دھو لیں۔
اس کے علاوہ ایلو ویرا جیل میں وٹامن ای کا کیپسول توڑ کر ملا ئیں۔اس مکسچر کو آدھا گھنٹے کے لئے متاثرہ حصے پر لگائیں اور پھر نیم گرم پانی سے دھو لیں ۔

ادرک:

٭ ادرک میں موجود وافر مقدارمیں اینٹی اوکسی ڈنٹ جھریوںکا خاتمہ کرنے کے ساتھ ایلاسٹن کوبھی ٹوٹنے سے بچاتا ہے۔

٭ ایک چٹکی کٹی ہوئی ادرک ایک کھانے کے چمچ شہد میں شامل کرکے روزانہ صبح کھائیں ۔

٭ اس کے علاوہ دن میں دو مرتبہ ادرک کی چائے بھی پی جاسکتی ہے۔

بادام:

بادام فائبر،وٹامن ای،آئرن ،زنک ،کیلشیئم،اور فولک ایسڈ حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں ۔جو ملکر ایجنگ کا عمل ہلکا کردیتے ہیں اور جلد کو جھریوں سے پاک کرتے ہیں۔
٭ چند بادام کچے دودھ میں رات بھر کے لئے بھگو کر رکھ دیں ،صبح چھلکا اتار کر باریک پیس کر پیسٹ بنالیں۔یہ پیسٹ چہرے پر لگا لیں ،اس کے علاوہ آنکھوں کے گرد سیاہ حلقوںکے علاج کے لئے بھی لگایا جاسکتا ہے ۔۲۰ سے ۳۰ منٹ کے لئے لگا رہنے دیں پھر نیم گرم پانی سے دھولیں۔
٭ جلد کو جھریوں سے بچانے کے لئے بادام کا تیل بھی لگایاجاسکتا ہے۔

گاجر:

گاجر میں وافر مقدار میں وٹامن اے موجود ہے جو جسم میں کولاجن کو بڑھاتا ہے اور جلد کو نرم وملائم رکھتا ہے۔
٭ ٢ سے ۳ گاجریں پانی میں ڈال کر ابال لیں ۔جب گل جائیں تو پیس کر تھورا شہد ملا لیں ۔اس پیسٹ کو چہرے پر لگالیں ۔آدھا گھنٹہ لگا رہنے دیں پھر نیم گرم پانی سے دھو لیں ۔
٭ اس کے علاوہ برابر کی مقدار میں شہد اور گاجر کا رس ملا کر بھی صبح شام لگایا جاسکتا ہے۔۱۰ منٹ بعد دھو لیں۔
٭ اپنی غذا میں کچی گاجر بھی شامل کریں ۔

پانی:

جھریوں کا خاتمہ کرنے کا سب سے آسان طریقہ پانی کا زیادہ استعمال ہے۔پانی جلد کو نمی فراہم کرتا ہے جبکہ جسم میں پانی کی کمی سے جسم بوڑھا لگنے لگتا ہے۔
اپنی جلد کو جھریوں سے بچانے کے لئے دن میں کم ازکم ۲ لیٹر پانی پیئیں ۔یاد رکھئے جسم کو پانی کی ضرورت صرف گرمی میں ہی نہیں بلکہ ہر موسم میں ہوتی ہے۔