سردیوں کی شادی کے لیے بال کیسے بنائے جائیں

0

سرد موسم اور بالوں کے مسائل ، یہ دونوں ایسے ہیں جیسے لازم و ملزوم۔ سردیوں کی ٹھنڈی اور خشک ہوائیں جلد کو تو متاثر کرتی ہی ہیں لیکن بالوں کو بھی بخشنے کا نام نہیں لیتیں۔ بال سمٹے ہوئے ، سلجھے ہوئے اور ترتیب میں نہ ہوں تو ذہن زلفوں کی طرح ہی الجھ کر رہ جاتا ہے، اور پھر ان کو سلجھانا دنیا کا مشکل ترین کام بن جاتا ہے۔ سردیوں کی خشک ہوائیں  جب زلفوں کو اپنی لپیٹ میں لیتی ہیں تو بال روکھے، بے رونق اور بے جان نظر آتے ہیں، اور ایسے میں بالوں کا خیال (hair care) رکھنا ایک امتحان بن کر رہ جاتا ہے۔

موسم سرما میں تو عام گھریلو خواتین بھی بالوں کی وجہ سے پریشان دکھائی دیتی ہیں ، ان کے علاوہ وہ خواتین جو ملازمت پیشہ ہوں ان کو روزانہ اپنے بالوں سے الجھنا پڑتا ہے۔ شادی بیاہ اور تقریبات کے موقعے پر جس طرح خواتین میک اپ کر کے خودحسین نظر آنے کی خواہش کرتی ہیں اسی طرح ہیئر اسٹائل پر بھی ان کی توجہ اتنی ہی ہوتی ہے۔

اگر آپ کسی تقریب میں شرکت کا ارادہ رکھتی ہیں اور سرد موسم میں ہیئر اسٹائل ایسا بنانا چاہتی ہیں جس سے آپ کے بال بھی محفوظ رہیں اور دیکھنے والا آپ کو دیکھتا بھی رہ جائے تو آپ کوبہت احتیاط سے کام لینا ہوگا۔

 موسم سرما میں شادی کے موقعے پر ہیئر اسٹائل : (hair style)

موسم سرما میں خشک ہوائیں جلد اور بالوں کو کہیں کا نہیں چھوڑتیں اس لیے بہتر یہی ہے کہ اگر آپ اپنا ہیئر اسٹائل اس انداز سے بنائیں جس میں بال بکھرے اور اڑتے ہوئے دکھائی نہ دیں۔

سرد موسم میں اکثر بال خشک اور جامد ہوجاتے ہیں، کسی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے بالوں پر آئل لگانا بھی اچھا معلوم نہیں دیتا ایسے میں ایک دن قبل اگر بالوں میں اچھی طرح تیل جذب کرلیا جائے تو بال دھونے کے بعد اس میں نمی بھی رہتی ہے اور بال خشک ہو کر لہرانے سے بھی بچ جاتے ہیں۔

اگر آپ کے بال لمبے اور گھنے ہیں تو کوشش کریں کہ ایسا ہیئر اسٹائل بنائیں جس سے آپ کا دوپٹہ یا اسکارف اترنے کے بعد بھی بال اپنی جگہ جمے ہوئے دکھائی دیں۔

کچھ خواتین جوڑے بنا کر پِن کی مدد سے بالوں کو کنٹرول میں رکھتی ہیں، اگر آپ بھی لمبے اور گھنے بالوں کی مالک ہیں تو اپنی چہرے کی ساخت کے مطابق یا ماہر بیوٹیشن کے مشورے کے مطابق جوڑے کا سہارا لیں ، تاکہ آپ کے بال سرد ہوائوں میں خشک ہو کر روکھے اور بے جان نظر نہ آئیں۔

اگر آپ کی دراز زلفیں آپ کی شخصیت کی پہچان ہیں اور سرد موسم میں آ پ کو تقریب میں شرکت کر کے اپنے مداحوں کو مایوس بھی نہیں کرنا تو بالوں کو کھلا ہی چھوڑ دیں، لیکن اس کے لیے اچھی کمپنی کا شیمپو استعمال کریں اور ممکن ہو تو جیل بھی استعمال کریں، اور جیل جو آپ کو سوٹ کرتا ہو، اس سے بال خشک ہونے سے بھی بچ جائیں گے اور آپ کے مداحوں کو بھی مایوسی نہیں ہوگی۔

بالوں کو کنڈیشنر ضرور کریں، اس سے بال کھلے ، نرم ، ملائم اور چمک دار نظر آتے ہیں۔ خشک ہوائیں بھی ان سے ٹکراتی ہوئی محتاط رہتی ہیں اور محفل میں آپ بالوں کی الجھن سے بچنے کے ساتھ ساتھ مہمانوں کی توجہ کا مرکز بھی بن سکتی ہیں۔