شادی کی تیاری بر وقت مکمل کرنے کا ماسٹر پلان:

0

شادی زندگی کا اہم اور ضروری حصہ ہے جس کے بغیر انسان ادھورا ہے۔ لیکن ہمارے معاشرے میں اس کوکافی مشکل بنا دیا گیاہے جس کی بڑی وجہ دکھاوا اور ایک دوسرے سے آگے بڑھنے کا مقابلہ ہے۔ ہم جتنی بھی شادیوں میں شرکت کرتے ہیں کچھ نیا ہی دیکھنے کو ملتا ہے۔ ہرایک کی کوشش ہوتی ہے کہ اس تقریب کو منفرد اور یادگار بنادیا جائے اس لئے پیسہ پانی کی طرح بہایا جاتا ہے۔ جن کے پاس پیسے کی کمی ہوتی ہے وہ بھی سالوں اس کے لئے پیسہ جمع کرتے ہیں۔ بہرحال شادی کو ہر لحاظ سے پرفیکٹ بنانے کے لئے بہت سی باتوں کا دھیان رکھنا ضروری ہے۔ اور اس کے لئے بہت پہلے سے پلاننگ کی ضرورت ہوتی ہے ۔ اس طرح تمام کام آپ کے سامنے ہوتے ہیں اور آسانی سے ہوجاتے ہیں ۔ آیئے ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ شادی کی تیاری (wedding preparations) بر وقت مکمل کرنے کے لئے کیا لائحہ عمل تیار کرنا ہوگا۔

کلک کریں۔ اپنی شادی کے لئے بہترین تیاری کس طرح کی جائے؟

بجٹ بنائیں : (budget)

سب سے پہلے اپنی آمدنی اور شادی پر ہونے والے اخراجات کا حساب لگائیں ۔اس طرح آپ کو معلوم ہوگا کہ آپ کو کپڑوں ،میک اپ، زیور، دیگر سامان اور تقریبات میں کتنا خرچہ کرنا ہے۔ اور بعد کے لئے بھی پیسہ بچانا ہے ۔

میٹنگ کریں : (meeting with family)

بات پکی ہونے کے بعد دلہا اور دلہن کے گھر والے مل کر طے کر لیں کہ کون کس چیز کا خرچہ اٹھائے گا ۔ ہر بات کی پہلے ہی وضاحت ہوجائے گی تو بعد میں کسی قسم کی غلط فہمی نہیں ہوگی۔ مہندی،مایوں کی تقریب الگ دن رکھنے کے بجائے ایک ہی دن رکھ کر خرچے کو دو حصوں میں تقسیم کرلیں ۔

تقریبات کی جگہ بک کرائیں : (booking for functions)

شادی سے کم از کم چھ ماہ پہلے تقریبات کی جگہ بک کرالیں۔ کوشش کریں کہ اگر ممکن ہو تو مہندی ،شادی اور ولیمے کی ایک ہی جگہ بک کرالیں ۔ شادی کے لئے ایسے مہینے کا انتخاب کریں جب آپ کو مناسب ریٹ پر ہال بہ آسانی مل جائے۔

زیور کی خریداری کریں : (jewellery)

رشتہ طے ہوتے ہی جتنی جلد ممکن ہو زیور خرید لیں۔ لیکن کوشش کریں کہ شادیوں کے سیزن میں زیور خریدنے کے بجائے آف سیزن میں زیور کی خریداری کریں۔

کیٹرنگ: (catring)

تقریبات میں دلہا دلہن کے بعد مہمانوں کی توجہ کا مرکز دعوت کا کھانا ہوتا ہے۔ لہٰذا کیٹرنگ کے انتخاب میں احتیاط سے کام لیں ۔اس کے لئے آپ ایسی کیٹرنگ سروس کا انتخاب کریں جن کا بنایا ہوا کھانا آپ کھا چکے ہیں اور ان کا بنایا ہوا کھانا آپ کو پسند بھی آیا ہو۔ کیٹرنگ والوں کی بکنگ بھی شادی سے ایک ماہ پہلے کریں تاکہ شادی کے قریب آپ کو اس کے لئے پریشان نہ ہونا پڑے۔

شادی کا جوڑا : (wedding attire)

شادی کے جوڑے کا انتخاب کرنے کے لئے بہت سی ویب سائٹس یا میگزین کا سہارا لیا جاسکتا ہے ۔اپنے بجٹ کے مطابق جوڑے کا انتخاب کریں ۔اور شادی سے کم ازکم دو مہینے پہلے بننے کے لئے دیں تاکہ آپ کا جوڑا شادی سے دو ہفتے پہلے تیار ہوکر آجائے۔ اور آپ کو عین وقت پر کوئی پریشانی نہ ہو ۔جوڑا خریدنے کے ساتھ ہی میچنگ کی جیولری اور سینڈلز لے لیں ۔اسی طرح باقی کپڑوں اور چیزوں کی پیکنگ بھی شادی سے کم از کم دو ہفتے پہلے مکمل کرلیں۔

میک اپ: (makeup)

میک اپ کرانے کے لئے صرف پارلر کا نام ہی نہیں کام بھی دیکھئے۔ ایسے پارلر کا انتخاب کریں جہاں آپ سکون سے تیار ہوسکیں کیونکہ اکثر اوقات سیزن میں ایک وقت میں کئی دلہنیں ایک ساتھ تیار ہوتی ہیں اور سب کو پوری توجہ نہیں مل پاتی اور ان کی پسند کا میک اپ نہیں ہوتا ۔ میک اپ کے لئے بھی بکنگ دو ماہ پہلے کرالیں تاکہ اپنی پسند کے پارلر میں تیار ہو سکیں۔

مہمانوں کی لسٹ بنائیں: (guest list)

جن مہمانوں کو دعوت دینی ہے ان کی لسٹ تیار کریں۔ شادی سے پندرہ دن پہلے سب لوگوں کو دعوت نامے دے دیں۔ شادی پر مہمانوں کے استقبال اور رسموں میں استعمال ہونے والے ہار پھول کا بھی ایک دن پہلے آرڈردیں ۔
امید ہے ان باتوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے آپ شادی کی تیاری بہ آسانی مکمل کر سکیں گے۔ اور بغیر کسی کوفت یا بد مزگی کے شادی کو انجوائے کریں گے۔