سردیوں کے لیے بہترین لپ اسٹک شیڈز

0

سنگھار کی خوبی یہ ہے کہ اسے موسم اور ماحول کے مطابق کیا جائے۔ دنیا بھر کی ماہر بیوٹیشنز اس با ت اتفاق کرتی ہیں کہ جوخواتین وقت، موسم، ماحول اور پارٹی کے مطابق میک اپ کرتی ہیں وہ توجہ کا مرکز بنتی ہیں۔

میک اپ ایک بہت مشکل کام ہے اور یہی مشکل کام آپ کو خوبصورت اور حسین بنا کر پیش کرتا ہے۔ کبھی کبھی تو میک اپ معمولی شکل و صورت کو اتنا زیادہ دلکش بنا دیتاہے کہ دیکھنے والوں کی آنکھیں خیرہ ہوجاتی ہیں۔

چہرے سے لے کر ہاتھوں پیروں تک کے میک اپ کے لیے بہت سے مراحل سے خواتین کو گزرنا پڑتا ہے ، تب کہیں جا کر حسن بے مثال تخلیق پاتا ہے، اور پھر ایسے حسن پر تعریفی الفاظ شخصیت کو اور مغرور بنا دیتے ہیں۔

میک اپ کے تمام مراحل میں لپ اسٹک بہت ہی اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔ اس کا کھلتا ہوا، ابھرتا ہوا رنگ چہرے پر فوری طور پر نمایاں ہوتا ہے اور دیکھنے والے کے دل کو سینے سے کھینچ لیتا ہے۔

لپ اسٹک : (lipstick)

ماہر بیوٹیشنز تو لپ اسٹک کے انتخاب میں چہرے کی ساخت، جلد کا رنگ، ہونٹوں کی بناوٹ، چہرے کی مسکراہٹ اور لباس کے مطابق لپ اسٹک کا انتخاب کرتی ہیں۔
لپ اسٹک کے رنگ کاانتخاب موسم کی مناسبت سے بھی کیا جاتا ہے، خاص طور پر سرد موسم میں شوخ اور ڈارک رنگ کی لپ اسٹک شخصیت میں مزید نکھار پیدا کرتی ہے۔

موسم سرما کے بہترین لپ اسٹک شیڈز : (best lipstick shades)

سرد موسم میں چوں کہ دھوپ اور گرمی کا احساس زیادہ نہیں ہوتا، یہی وجہ ہے کہ لباس کے انتخاب میں بھی خواتین زیادہ تر شوخ اور ڈارک رنگ کے لباس زیب تن کرتی ہیں۔
اسی طرح لپ اسٹک میں بھی ہلکے شیڈز سردیوں کے موسم میں اچھے نہیں لگتے جب کہ گہرے رنگ خوبصورتی کو بڑھانے کا سبب بنتے ہیں۔

میرون لپ اسٹک : (marron lipstick)

میرون لپ اسٹک موسم سرما میں بہت زیادہ پسند کی جاتی ہے، اگر آپ چہرے کا رنگ صاف ہے اور ایسے میں میک اپ کے دوران میرون لپ اسٹک کا انتخاب کیا جا رہا ہے تو اس بات کا اطمینان رکھیں کہ محفل میں آپ کی موجودگی خاص اہمیت کی حامل ہوگی۔

ڈارک پنک لپ اسٹک : (dark pink lipstick)

گلابی ہونٹوں کی تو ویسے بھی مثال دی جاتی ہے، شاعری ہو یا عام زندگی گلاب جیسے ہونٹوں کو ہمیشہ سراہا جاتا ہے، جس طرح سرد موسم میں کھلنے والے سرخ گلاب آنکھوں کو بھلے دکھائی دیتے ہیں اسی طرح نرم ہونٹوں پر ڈارک پنک لپ اسٹک بھی گلاب کی طرح کھلتی ہوئی دکھائی دیتی ہے۔

اورنج لپ اسٹک : (orange lipstick)

ماڈل میک اپ اور پارٹی میک اپ لیے اکثر اورنج لپ اسٹک کا انتخاب کیا جاتا ہے، لیکن کچھ چہرے اتنے حسین ہوتے ہیں کہ ان پر اورنج لپ اسٹک ان کے ہونٹوں کو مزید خوبصورت بنادیتی ہے، خاص طور پر موسم سرما میں لباس سے حسن کی تمام آرائش میں اورنج لپ اسٹک ہونٹوں پر سجتی ہے تو قیامت ڈھاتی ہے۔

سرخ لپ اسٹک : (red lipstick)

لپ اسٹک کے تمام رنگوں میں سرخ رنگ سب سے زیادہ پسند اور استعمال کیا جانے والا رنگ شمار کیا جاتا ہے۔ سرخ رنگ کے بھی مختلف شیڈز ہوتے ہیں جو لباس اور شخصیت کے حساب سے استعمال کیے جاتے ہیں۔ سرخ لپ اسٹک سے سجے ہونٹ کبھی کبھی کسی مصور کاشاہکار دکھائی دیتے ہیں ۔ سردیوں کے موسم میں مسکراتے ہونٹوں پر سرخ لپ اسٹک حسن کو دو آتشہ بنا دیتی ہے۔